لاہور میں مبینہ طور پر خاتون کو چھت سے گرانے کا واقعہ، مریم نواز نے نوٹس لے لیا

اردو نیوز  |  Mar 09, 2024

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو کے بارے میں دعوٰی کیا گیا ہے کہ اس میں ایک خاتون کو شوہر اور سسرال والوں نے چھت سے دھکا دے کر نیچے پھینک دیا جس کے بعد وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

سنیچر کی صبح اسلام آباد اپ ڈیٹس اکاؤنٹ سے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو رات کے وقت کی ہے۔ 43 سیکنڈز پر مشتمل ویڈیو میں خاتون کو گلی میں گرتے دیکھا جا سکتا ہے جس کے بعد دوسرے گھروں سے خواتین نکل کر مدد کے لیے لپکتی ہیں۔

ویڈیو کے ساتھ لکھے کپیشن میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ لاہور کے علاقے گلشن راوی کا ہے، جس میں زخمی ہونے والی خاتون کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور شوہر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کی سیکریٹری اطلاعات عظمٰی بخاری نے ایکس پر اسی ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ویڈیو کے سامنے آتے ہی وزیراعلٰی نے نوٹس لے لیا ہے، یہ کل کا واقعہ ہے۔‘

عظمٰی بخاری نے مزید لکھا کہ ’مریم نامی خاتون کو مبینہ طور پر سسرال والوں نے نیچے پھینکا، خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے اور وزیراعلٰی کی ہدایت پر ملزموں کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔

دوسری جانب لاہور پولیس کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے کی جانے والی ایک پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ گلشن راوی کے علاقے نوناریاں میں پیش آنے والے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More