آرمی چیف سے اے ایس پی شہربانو نقوی کی ملاقات، پیشہ ورانہ مہارت پر تعریف

اردو نیوز  |  Feb 28, 2024

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لاہور کے اچھرہ بازار میں پیش آنے والے واقعے میں خاتون کی جان بچانے والی اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شہربانو نقوی سے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بدھ کو جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق ’آرمی چیف نے بے لوث لگن اور ایک غیر یقینی صورتحال پر قابو پانے میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرنے پر اے ایس پی شہربانو نقوی کی تعریف کی۔‘

 اے ایس پی شہربانو نقوی نے 26 فروری کو لاہور کے اچھرہ بازار میں پیش آنے والے واقعے کے دوران ایک خاتون کو مشتعل ہجوم سے باحفاظت نکالا تھا۔

بیان کے مطابق اس ملاقات میں آرمی چیف نے کہا کہ ’پاکستانی خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ آزادی کے بعد سے، پاکستانی خواتین نے اپنی قابلیت، استقامت اور عزم کی وجہ سے اندرون و بیرونِ ملک خود کو ممتاز کیا ہے۔‘

آرمی چیف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ خواتین پاکستانی معاشرے کا ایک انمول حصہ ہیں اور ان کا احترام ہمارے مذہب کے ساتھ ساتھ ہماری معاشرتی اقدار میں بھی شامل ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف نے سماجی ہم آہنگی کی اہمیت اور عدم برداشت کو روکنے کے لیے ملک گیر اتفاق رائے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

آرمی چیف نے قانون کی حکمرانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’تحفظات اور شکایات کے حل کے لیے قانونی راستے میسر ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں نہ لیا جائے۔‘

آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ ’بدعت کی بنیاد پر من مانی کارروائیاں معاشرے کے نقطہ نظر کو کمزور کرتی ہیں۔‘

آرمی چیف نے پاکستان کے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو بھی سراہا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More