پتنگ بازی کرنے والے شہری پر تشدد، پولیس اہلکار انکوائری کے بعد برطرف

اردو نیوز  |  Feb 25, 2024

راولپنڈی میں پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف پولیس کے کریک ڈاؤن میں شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے والے اہلکار کو انکوائری میں جرم ثابت ہونے پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔

اتوار کو پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق تھانہ وارث خان کے اے ایس آئی نے پتنگ بازی کریک ڈاؤن کے دوران موقعے سے مزاحمت کے بعد گرفتار کیے گئے ملزم پر تشدد کیا تھا۔

اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور شہریوں کی جانب سے پولیس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

محکمہ پولیس کے ترجمان کے مطابق واقعے پر سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے نوٹس لے کر انکوائری کرائی۔

سی پی او راولپنڈی کے حکم پر اے ایس ائی شہزاد کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا گیا۔

بیان کے مطابق سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس ایس پی آپریشنز کو فوری انکوائری کر کے محکمانہ کارروائی کا حکم دیا تھا۔

ایس ایس پی آپریشنز نے انکوائری مکمل ہونے پر اے ایس آئی شہزاد کو نوکری سے برخاست کرنے کی سفارش کی تھی۔

ترجمان کے مطابق ’اے ایس آئی شہزاد نے پتنگ بازی میں ملوث ملزم کو موقعے سے گرفتار کیا جس نے پولیس سے مزاحمت کی تھی۔‘

بیان میں کہا گیا کہ ’اے ایس آئی شہزاد نے غیرپیشہ وارانہ طرز عمل اپناتے ہوئے تھانے میں ملزم پر تشدد کیا جو کہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔‘

سی پی او نے کہا ہے کہ ’پولیس کے فرائض میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ سب سے مقدم ہیں، جہاں کسی کوتاہی کی گنجائش نہیں۔‘

راولپنڈی کے پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ’اختیارات سے تجاوز اور شہریوں سے ناروا سلوک ناقابل برداشت ہے، فورس کے لیے واضح حکم ہے، کسی شہری پر تشدد ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More