امریکی فضائی کمپنی کا اسرائیل کے لئے پروازیں بحا ل کرنے کا اعلان

اے پی پی  |  Feb 23, 2024

نیویارک ۔23فروری (اے پی پی):امریکی فضائی کمپنی یونائیٹڈ ائیرلائینز نے سات اکتوبر سے غزہ میں جاری جنگ کے باعث اسرائیل کے لیے معطل کی گئی پروازوں کوبحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔العربیہ کے مطابق امریکی کمپنی ’’یونائیٹڈ ائیرلائینز‘‘نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی پرواز اگلے ماہ سے اسرائیل کے لیے بحال کرے گی۔

یونائیٹڈ ائیرلائینز نے مزید کہاکہ ابتدائی طور پر یہ پروازیں نیو یارک اور نیو جرسی سے تل ابیب کے لیے 2 اور 4 مارچ کو روازنہ ہوں گی۔ اور پروازوں کی نان سٹاپ بحالی 6 مارچ سے شروع ہوگی۔

اس سلسلے میں امریکی ائیر لائنز کی طرف سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ ’’یونائیٹڈ‘‘کی اسرائیل کے لیے پروازوں کی بحالی کے سلسلے میں امریکی ، اسرائیلی سکیورٹی ماہرین اور سرکاری حکام کے ساتھ حفاظتی معاملات کا مکمل اور تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ وہ پروازوں کے شیڈول کو تل ابیب کی سکیورٹی صورت حال کے مطابق تشکیل دیں گے اور اس میں حسب ضرورت تبدیلی کرتے رہیں گے۔ نیز پروازوں کی بحالی کے لیے وہ تل ابیب کے صورت حال کی مسلسل نگرانی بھی کریں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ اس بات کی امید ہے کہ وہ نیو یارک سے دوسروی پروازیں مئی سے قبل ممکن بناسکیں گے اور موسم خزاں کے آغاز سے قبل وہ دیگر شہروں سے پروازوں کی از سر نو بحالی کے لیے جائزہ لیں گے جن میں سان فرانسسکو، واشنگٹن اور شکاگو شامل ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ میں سات اکتوبر سے جاری جنگ اور اسرائیلی افواج کے غزہ پر محاصرہ کے بعد سے امریکی ائیر لائنز’’یونائٹڈ ‘‘اور اس کی حریف کمپنی ’’ڈیلٹا‘‘ نے اپنی پروازیں تل ابیب کے لیے معطل کر دی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More