اسرائیل کے ساتھ تنازعہ، بولیویا اور کولمبیا کے صدور نے برازیلی صدر کی حمایت کر دی

اے پی پی  |  Feb 21, 2024

لاپاز۔21فروری (اے پی پی):غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائی کو ہالوکاسٹ سے تشبیہ دینے پر برازیل اور اسرائیل کے درمیان پیدا ہونے والے تنازعے میں بولیویا اور کولمبیا کے صدور نے بھی برازیلی صدر کی حمایت کر دی۔

الجزیرہ کے مطابق بولیویا کے صدر لوئس آرس نے برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا ڈا سلوا کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ جب انہوں نے غزہ میں اسرائیل کی کارروائیوں کا یہودیوں کے خلاف ہٹلر کی کارروائیوں سے موازنہ کیا تو وہ سچ بول رہے تھے ۔بولیویا کے صدر نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ جو لوگ اس وقت غزہ میں جاری بربریت سے لاتعلق ہیں تاریخ ان کو معاف نہیں کرے گی۔

قبل ازیں کولمبیا کے صدر گسٹاو پیٹرو نے بھی کہا تھا کہ برازیلی صدر نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کا ہولوکاسٹ سے موازنہ کر کے سچ بولا ہے ۔کولمبیا کے صدر نے بھی ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ میں اس معاملے پر برازیل کے صدر سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔ غزہ میں ہزاروں بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو بزدلانہ طور پر قتل کر دیا گیا ہے اور وہاں نسل کشی کی جارہی ہے ۔اسرائیلی حکومت نے برازیل کے صدر ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More