گورنر پنجاب سے چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر)ملک ظفر اقبال کی الوداعی ملاقات

اے پی پی  |  Feb 12, 2024

لاہور۔12فروری (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر)ملک ظفر اقبال نے پیر کے روز گورنر ہائوس میں الوداعی ملاقات کی۔سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے۔گورنر پنجاب نے لیفٹیننٹ جنرل(ر)ملک ظفر اقبال کو تین سالہ کامیاب معیاد عہدہ کی تکمیل پر مبارکباد دی اور ان کی بطور چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن کارکردگی کو سراہا۔ملاقات کے دوران چیئرمین پی پی ایس سی نے گورنر پنجاب کو محکمہ کی سالانہ رپورٹ 2023 ء پیش کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنا کر ہی ہم اداروں کو مستحکم کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں گڈ گورننس کے لیے اداروں میں میرٹ کی بالادستی بہت ضروری ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مختلف آسامیوں پر میرٹ پر بھرتیاں کر کے حق داروں تک ان کا حق پہنچانا پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن ایک مستند ادارہ ہے جو سرکاری ملازمتوں کے لیے میرٹ پر اہل اور قابل امیدواروں کا انتخاب کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ادارے کی کارکردگی اور بہتری کے لئے مزید اقدامات بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کی ضرورت ہے۔چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر)ملک ظفر اقبال نے گورنر پنجاب کو ادارے میں بہتری کے لیے کی گئی اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کی استعداد کار میں اضافے کے لیے آٹومیشن اور آئی ٹی کو فروغ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے پہلی دفعہ درجہ چہارم کی آسامیوں پر تحریری امتحان اور انٹرویو کے ذریعے میرٹ پر شفاف طریقے سے بھرتیاں کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن میں کمپیوٹرائزڈ ٹیسٹنگ کے نظام کا طریقہ کار وضع کرلیا گیا ہے اور جلد ہی اس کا ٹرائل شروع کر دیا جائے گا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More