’عوام نے آئین پر اعتماد کیا، اب سیاسی جماعتوں پر فرض ہے کہ سیاسی پختگی سے جواب دیں‘

اردو نیوز  |  Feb 10, 2024

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ’پاکستانی عوام کی اپنے حق رائے دہی کے استعمال کے لیے آزادانہ اور بلا روک ٹوک شرکت، جمہوریت کے لیے ان کے عزم کا ثبوت ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قیادت اور اہلکار مشکلات کے باوجود انتخابی عمل کے لیے محفوظ ماحول بنانے کے لیے ہماری سب سے زیادہ تعریف کے مستحق ہیں۔‘

سنیچر کو اپنے پیغام میں پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے عام انتخابات 2024 کے کامیاب انعقاد پر قوم، نگراں حکومت، الیکشن کمیشن، سیاسی جماعتوں اور تمام جیتنے والے امیدواروں کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ ’میڈیا، سول سوسائٹی، سول انتظامیہ اور عدلیہ کے ارکان کے تعمیری کردار نے قومی تاریخ کی سب سے بڑی انتخابی مشق کے کامیاب انعقاد کو ممکن بنایا۔ تمام جمہوری قوتوں کی نمائندہ متحد حکومت، پاکستان کی متنوع سیاست اور تکثیریت کو قومی مقصد کے ساتھ بہتر طریقے سے پیش کرے گی۔‘

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ انتخابات اور جمہوریت پاکستان کے عوام کی خدمت کا ذریعہ ہیں۔

’قوم کو انتشار اور پولرائزیشن کی سیاست سے آگے بڑھنے کے لیے مستحکم ہاتھوں اور ایک شفا بخش رابطے کی ضرورت ہے۔ پولرائزیشن اور انتشار 250 ملین آبادی والے ترقی پسند ملک کے لیے موزوں نہیں ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ انتخابات جیتنے اور ہارنے کا مقابلہ نہیں بلکہ عوام کے مینڈیٹ کا تعین کرنے کی مشق ہے۔ سیاسی قیادت اور ان کے کارکنوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر حکومت اور عوام کی خدمت کرنے کی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا چاہیے جو جمہوریت کو فعال اور بامقصد بنانے کا واحد راستہ ہے۔

’جیسا کہ پاکستان کے عوام نے آئینِ پاکستان پر اپنا مشترکہ اعتماد ظاہر کیا ہے، اب تمام سیاسی جماعتوں پر فرض ہے کہ وہ سیاسی پختگی اور اتحاد کے ساتھ اس کا جواب دیں۔‘

آرمی چیف نے مزید کہا کہ ’جب ہم اس قومی سنگ میل سے آگے بڑھتے ہیں تو ہمیں اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ آج ملک کہاں کھڑا ہے اور باقی اقوام میں ہمارا صحیح مقام کہاں ہونا چاہیے۔‘

آرمی چیف نے اُمید ظاہر کی کہ یہ انتخابات سیاسی اور معاشی استحکام لائیں پاکستان کے لیے امن اور خوشحالی کا مرکز ثابت ہوں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More