لاہور میں قومی اسمبلی کی 14،صوبائی اسمبلی کی 30 نشستوں پر انتخابات کے لئے پولنگ جاری 

اے پی پی  |  Feb 08, 2024

لاہور۔8فروری (اے پی پی):انتخابات 2024 کے لئے صوبائی دارالحکومت لاہور میں پولنگ جاری ہے۔ پاک فوج اور دیگرسکیورٹی اداروں کی نگرانی میں پولنگ کا عمل صبح 8 سے شام5 بجے تک جاری رہے گا۔عام انتخابات 2024میں لاہور میں قومی اسمبلی کی 14جبکہ صوبائی اسمبلی کی30 نشستو ں پر امیدواروں کی مجموعی طورتعداد 1079 ہے۔

لاہور سے قومی اسمبلی کی 14نشستوں پر 266امیدوار جبکہ صوبائی اسمبلی کے 30حلقوں میں 813 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔این اے۔ 120 میں سب سے زیادہ 27امیدوار مدمقابل ہیں جبکہ این اے۔ 118میں سب سے کم 18 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی۔ 161میں سب سے زیادہ 46امیدوار مد مقابل ہوں گے جبکہ پی پی 150میں سب سے کم 13امیدوار قسمت آزمائیں گے۔ آزادنہ ،منصفانہ و شفاف انتخابات کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ صوبہ بھر میں دفعہ 144کے تحت ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش پر12فروری تک پابندی عائد ہے ۔

قبل ازیں پولنگ بوتھس پر الیکشن کے سامان کی ترسیل کا کام بھی بروقت مکمل کر لیا گیا ۔ صوبائی دارالحکومت میں پولنگ سٹیشنزکو3 کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں اے ،بی اور سی کیٹگری شامل ہیں۔لاہور میں 4 ہزار سے زیادہ پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں ، انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئےگئے ہیں جبکہ ریٹرننگ اورپریذائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دے دیئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ صوبہ بھر میں 144قومی اور 297صوبائی حلقوں میں عام انتخابات کیلئے پولنگ ہو گی،قومی وصوبائی اسمبلی کی نشستوں کیلئے50 ہزار900 پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں۔ان پولنگ سٹیشنز میں28297نارمل جبکہ 15617حساس اور 6040انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

کل 524070 کی تعداد میں پولنگ عملہ اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔صوبہ بھر میں 7کروڑ 42لاکھ سے زائد افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More