پاکستان کا الیکشن پر ایران، افغانستان کے ساتھ سرحدیں بند کرنے کا اعلان

اردو نیوز  |  Feb 07, 2024

پاکستان نے عام انتخابات کے موقع پر جمعرات کو ایران اور افغانستان کے ساتھ اپنی سرحدیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بدھ کو ایک بیان میں بتایا کہ ’دونوں ممالک کے ساتھ سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ انتخابات کے موقع پر سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔‘

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ ’دونوں ممالک کے ساتھ سرحدی گزرگاہیں نہ صرف پیدل چلنے والے افراد بلکہ سامان کی نقل و حمل کے لیے بھی بند رکھی جائیں گی۔‘

دفتر خارجہ کے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر ترجمان نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ ‘ایران اور افغانستان کے ساتھ معمول کی آمدورفت جمعہ 9 فروری سے بحال ہو جائے گی۔‘

واضح رہے کہ پاکستان میں جمعرات 8 فروری کو عام انتخابات ہو رہے ہیں اور اس سلسلے میں ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

الیکشنز سے ایک روز قبل بلوچستان میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں کم سے کم 29 افراد کی جان چلی گئی جبکہ 46 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔۔

دہشت گردی کے ان واقعات کے بعد بلوچستان کی نگراں حکومت نے صوبے میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More