کشمیریوں کی عظیم مقصد کے حصول کیلئے دی گئیں قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل کا تقریب سے خطاب

اے پی پی  |  Feb 05, 2024

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):دبئی میں پاکستانی قونصلر جنرل حسین محمدنے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کی عظیم مقصد کے حصول کیلئے دی گئیں قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستان جموں وکشمیر کے غیور عوام کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق دبئی میں قائم پاکستان قونصلیٹ جنرل میں یومِ یکجہتیِ کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل پاکستان حسین محمد نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پانچ فروری ، مقبوضہ جموں و کشمیرکے مظلوم اور نہتے بہن بھائیوں کے ساتھ اظہارِیکجہتی کا دن ہے ۔

تقریب میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ دن عالمی برادری کی توجہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی طرف توجہ مبذول کرانے کا دن ہے جن کے مطابق جموں وکشمیر کے تنازعے کا واحد اور حتمی حل کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے جمہوری طریقے سے کیا جائے گا ۔

قونصل جنرل نے مزید کہا کہ بھارتی قبضے کے گزشتہ 76 سال کے دوران جموں و کشمیر کے لوگوں نے ان گنت ظلم وجبر کا دلیری سے سامنا کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی عظیم مقصد کے حصول کیلئے دی گئیں قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ اس موقع پر قونصل جنرل نے جموں وکشمیر کے غیور عوام کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھنے کے قومی عزم کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More