وادی نیلم: کراچی کے سیاح جوڑے کا ہنی مون سوگ میں بدل گیا

اردو نیوز  |  Feb 01, 2024

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے معروف سیاحتی مقام وادی نیلم میں ایک ہوٹل میں کراچی کے سیاح کی موت کا واقعہ پیش آیا ہے۔

ایس ایچ او آٹھمقام راجہ سہراب نے اردو نیوز کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ’یہ سیاح ہوٹل کے کمرے میں مقیم تھے۔ کمرے میں گیس سلینڈر والا ہیٹر تھا جو کُھلا رہ گیا تھا۔‘

ایس ایچ او کے مطابق ‘جب آج (جمعرات کی) صبح 10 بجے تک اس کمرے سے کوئی باہر نہ آیا تو ہوٹل کی انتظامیہ نے دروازہ کھٹکھٹایا لیکن کوئی جواب نہ ملنے پر کمرہ کھولا گیا۔‘

’کمرے میں موجود سیاح احسن الیاس کی موت واقع ہو چکی تھی جبکہ ان کی اہلیہ ہانیہ الیاس بے ہوش تھیں۔‘

ایس ایچ او کے مطابق ’ہانیہ احسن کو پہلے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا اور بعدازاں انہیں سی ایم ایچ مظفرآباد منتقل کر دیا گیا جہاں وہ زیرعلاج ہیں۔‘

ان کے مطابق ’ہانیہ احسن کی حالت کچھ بہتر ہے۔‘

پولیس کے مطابق ’اس جوڑے کے ساتھ ایک اور فیملی بھی موجود تھی۔ اب ہم سیاح کی میت کو کراچی بھیجنے کے انتظامات کر رہے ہیں۔‘

کراچی سے آیا ہوا یہ نوبیاہتا جوڑا ہنی مون پر وادی نیلم آیا ہوا تھا اور کٹن میں آئی بیکس کاٹیج نامی ہوٹل میں ٹھہرا ہوا تھا۔

خیال رہے کہ ملک کے بالائی علاقوں سمیت پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایات دی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More