’یار کېنه‘، میں زبردست پشتو بول سکتا ہوں: نواز شریف کا سوات میں جلسے سے خطاب

اردو نیوز  |  Feb 01, 2024

پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف نے خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے مرکزی شہر مینگورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ن لیگ کو موقع دیا گیا تو خیبر پختونخوا کی تقدیر بدل دیں گے۔

جمعرات کو جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا کہ ان کے خاندان نے غم دیکھے ہیں لیکن قوم کا غم برداشت نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ گھروں میں سے کسی ایک کو گھر ملا؟ خیبر پختونخوا کے سادہ لوگوں کو دھوکہ دیا گیا۔

نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ’کہیں تبدیلی نظر نہیں آ رہی۔ مکر و فریب کی سیاست تھی جس کے جال میں آپ آ گئے۔‘

انہوں نے کہا کہ پختونخوا میں نیا موٹر وے، نئے کارخانہ اور ڈیم نظر بھی نہیں آ رہے۔

نواز شریف نے کہا کہ ’لواری ٹنل ہم نے بنائی اور جب 2018 کے الیکشن ہوئے تو چترال کے اندر ن لیگ کا امیدوار ہار گیا اور کسی اور پارٹی کا امیدوار جیت گیا۔ لواری ٹنل ہم بنائے چترال کے لیے اور ووٹ جائے کسی اور کو۔ یار خیبر پختونخوا والے لوگ ایسا نہیں کر سکتے۔ ایسا ہونا بھی نہیں چاہیے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ بہت اچھی پشتو بولتے ہیں۔

’کیوں بھئی بات سمجھ میں آ رہی یا نہیں یا میں پشتو میں بات کروں۔ پشتو میں ایسی بولوں گا کہ آپ بھی پشتو بھول جائیں گے۔ میں بہت زبردست پشتو بولتا ہوں۔ اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ مجھے بتائیں ایسے کوئی لوگ ہیں جن کو اردو سمجھ نہیں آتی اور جن کو سمجھ آتی ہے وہ بھی ہاتھ کھڑے کریں۔‘

نواز شریف نے پشتو میں کہا کہ ’یار کینہ‘ مطلب کہ ’بیٹھ جائیں‘

ان کا مزید کہا تھا کہ ’آئندہ دھوکے میں نہیں آنا اور اگر حکومت میں آئے تو گھر کی دہلیز تک سہولیات دیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے لوگوں کے جذبات سے کھیل کر نہ گھر دیا گیا اور نہ روزگار۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More