واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستان میں آزادانہ، منصفانہ الیکشن ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں سیاسی جماعت کی ریلی میں دھماکے کی مذمت کرتے ہیں اور دھماکے سے متاثر ہونے والوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی عوام کی برداشت اور ان کی بحالی کی صلاحیت پر یقین رکھتے ہیں جبکہ یہ حملہ بھی ان میں سے ایک ہے جو گزشتہ ماہ متعدد جماعتوں کے خلاف دیکھے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی فوجیوں کا بھیس بدل کر اسپتال پر حملہ، 3 فلسطینی نوجوان شہید
میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستان بھر میں الیکشن کمیشن خود کئی جگہوں پر حملوں کی زد میں آیا اور انتخابی عمل کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔پاکستانی عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ بلا خوف و خطر قیادت کا انتخاب کریں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان میں آزادانہ، منصفانہ الیکشن ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔