اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (آئی سی سی پی او) ڈاکٹر اکبر ناصر خان کی دور اندیش قیادت میں جدید ترین سیف سٹی اسلام آباد سمارٹ گاڈیاں وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کے تحفظ میں انقلاب برپا کر رہی ہیں۔اتوار کو ایک ترجمان نے بتایا کہ سیف سٹی سمارٹ کاروں نے شہر بھر میں موثر گشت کے دوران 312 افراد کو چیک کیا۔ اس میں 370 کاریں، 420 موٹر سائیکلوں اور 335 پیدل چلنے والوں کی چیکنگ شامل تھی۔مزید یہ کہ 44 شناختی کارڈز کی سکریننگ، 262 افراد کے موبائل ٹیب کی چیکنگ اور 06 افراد کے ایکسائز ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی۔ان سمارٹ کاروں کے ذریعے مشکوک افراد کی چیکنگ کے ساتھ ساتھ جدید کیمروں کے ذریعے ان کی شناخت کی بھی جانچ پڑتال کی جاتی ہے تاکہ ان کا مجرمانہ ریکارڈ چیک کرنے کے لیے سمارٹ کاروں میں نصب ٹیبلٹس اور لیپ ٹاپ پر موجود مشکوک افراد کا این آئی سی نمبر درج کیا جا سکے۔سمارٹ کاریں سیف اسلام آباد پراجیکٹ کے تحت متعارف کروائی گئیں جو شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ اسلام آباد کیپٹل پولیس شہریوں کے تعاون سے تمام دستیاب ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے شہر کو پرامن بنانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔شہریوں سے گزارش ہے کہ کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی اطلاع اپنے متعلقہ تھانے کو دیں، ایمرجنسی ہیلپ لائن “پکار -15” ڈائل کرکے یا “ICT-15” ایپ کا استعمال کریں۔