اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی (پی ایف اے) نے صوبے میں ایک حالیہ وسیع آپریشن کے دوران ناقص کوکنگ آئل کے استعمال کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے 4000 فوڈ پوائنٹس کو وارننگ نوٹس جاری کیے ہیں اور 1100 آؤٹ لیٹس پر بھاری جرمانے عائد کیے ہیں۔ پی ایف اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد عاصم جاوید نے میڈیا کو بتایا کہ کریک ڈاؤن کا مقصد پنجاب پیور فوڈ ریگولیشنز کو نافذ کرنا اور فوڈ سیفٹی کے سخت معیارات کی تعمیل کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے خوردنی تیل کے استعمال سے منسلک صحت کے شدید خطرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن کا بنیادی مقصد رینسیڈ آئل کے دوبارہ استعمال کی روک تھام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیموں نے متعدد چھاپوں کے دوران نہ صرف وارننگ اور جرمانے جاری کیے بلکہ بھاری مقدار میں غیر معیاری اور ایکسپائرڈ خوردنی تیل بھی ضبط کیا۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 6,300 لیٹر اس طرح کے تیل کو ضبط کر کے ضائع کر دیا گیا اورکھانے کی تیاری میں اس کے استعمال کو روکا گیا ہے۔خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت موقف کے تحت اتھارٹی نے (پی ایف اے ) ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر دو فوڈ پوائنٹس کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹس درج کرائیں۔ڈائریکٹر جنرل نے کھانے کی تیاری کے لیے استعمال شدہ تیل کے ساتھ نئے خوردنی تیل کی ملاوٹ پر مکمل پابندی پر زور دیتے ہوئے انسانی صحت پر گندے تیل کے استعمال کے مضر اثرات پر بھی روشنی ڈالی۔