ترقی کا راستہ فقط تعلیم ہے، سیاسی جماعتیں تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے اگلے پانچ سال تک تعلیمی ایمرجنسی لگا ئیں،وفاقی وزیرمدد علی سندھی

اے پی پی  |  Jan 27, 2024

حیدرآباد۔ 27 جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ ترقی کا راستہ فقط تعلیم ہے، تعلیم کے سوا کچھ نہیں، سیاسی جماعتوں سے کہوں گا کہ اگلے 5 سال تعلیم کیلئے وقف کردیں، پانچ سال تک تعلیمی ایمرجنسی لگا ئیں تب جاکر تعلیمی معیار بہتر ہوگا اور ملک ترقی کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی کے چھٹے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیمی معیار بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ خود احتسابی کا عمل شروع کرنا ہوگا ،تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے بجٹ میں اضافہ کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کو کہا ہے کہ اپنا تعلیمی معیار بہتر بنائیں ورنہ پرائیویٹ یونیورسٹیاں ان کی جگہ لے لیں گی، ہمارے افسران اپنے دفتر بیٹھے رہتے ہیں،وہ دفتر سے باہر نکلنے کے لئے تیار نہیں ہیں، 19 اور 20 گریڈ کے افسران تو دور کی بات ہے،16 ۔17 گریڈ والے بھی دفاتر سے نکلنے کیلئے تیارنہیں تو پھر ہم کس طرح ترقی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر آباد میں بہترین تعلیمی ادارے بنائے گئے ہیں جو خوشی کی بات ہے ،ضلع میں انجینئرنگ میڈیکل اور ویٹنری سائنس کی یونیورسٹیاں ہیں اور شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی جیسا معیاری ادارہ ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے یونیورسٹی کی 1425 فارغ التحصیل طلبا و طالبات میں ڈگریاں اور پوزیشن ہولڈرز طالبات میں گولڈ میڈلز تقسیم کئے۔

اس سے قبل انہوں نے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا۔ بعد ازاں نواب شاہ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کہا کہ انتخابات ناگزیر ہیں ،انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے، انتخابات کے نتیجے میں جو بھی حکومت آئے، اسے عوام کی صحت ،تعلیم اور روزگار کیلئے منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے نگران دور میں حتی الامکان بہتری کی کوشش کی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More