اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن) معروف تیل، گیس اور معدنی کمپنیوں کے تعاون سے 31 جنوری سے یکم فروری تک قومی سطح کی کیریئر ایکسپو کا انعقاد کرے گی۔ “فیولنگ فیوچر” کے موضوع کے ساتھ کیریئر ایکسپو 2024 کا مقصد آگاہی کو فروغ دینا اور تیل، گیس اور معدنیات کے شعبوں میں طلباء اور کمپنیوں کے درمیان فرق کو ختم کرنا ہے۔ ایکسپو بامعنی بات چیت اور کیریئر کی ترقی کے وسائل تک رسائی کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق معروف کمپنیوں کی سینئر مینجمنٹ اور ہیومن ریسورس کے نمائندے موجود ہوں گے جو انڈرگریجویٹ اور گریجویٹس کو توانائی اور معدنیات کے شعبے میں دلچسپ کیریئر کے امکانات تلاش کرنے کا ایک انوکھا موقع پیش کریں گے۔وزیر توانائی محمد علی نے آنے والے ایونٹ سے بہت زیادہ توقعات کا اظہار کیا جو افرادی قوت میں ہنر کی نشوونما اور جدت طرازی کے لئے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور ہنر کی ترقی میں سرمایہ کاری مستقبل کے انرجی روڈ میپ کے لئے بہت ضروری ہے جس سے نوجوان انجینئرز، موضوع کے ماہرین اور ماہرین کی حقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جا سکے۔ محمد علی نے طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ معروف کمپنیوں کے ساتھ نیٹ ورک کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں، متنوع شعبوں کو تلاش کریں اور اپنے شعبے میں سب سے آگے پیشہ ور افراد سے بصیرت حاصل کریں،اس ایکسپو کا مقصد انجینئرنگ اور بزنس مینجمنٹ کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 5000 طلباء کی میزبانی کرنا تھا،جو پاکستان بھر کی معروف یونیورسٹیوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ہائی سکول کے طلباء جو موجودہ رجحانات کے بارے میں بصیرت حاصل کرنے اور ان شعبوں میں کیریئر بنانے کے خواہشمند ہیں، ان کا بھی خیرمقدم کیا جائے گا ، جو توانائی اور کان کنی کی صنعت میں پیشہ ور افراد کی اگلی نسل کی پرورش اور حوصلہ افزائی میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔ یہ قومی سطح کی کیرئیر ایکسپو تمام رجسٹرڈ شرکاء کا پرتپاک خیرمقدم کرے گی جو صنعت کے ماہرین کے ساتھ جڑنے، صنعت اور اکیڈمی کے روابط کو مضبوط کرنے اور توانائی کے تھنک ٹینک اور مستقبل کی افرادی قوت کے درمیان بامعنی رابطے کو فروغ دینے کا ایک بے مثال موقع فراہم کرے گی۔پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ، جو معروف قومی ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کمپنیوں میں سے ایک ہے، اس ایونٹ کی اسپانسر ہے۔ ایکسپو میں شرکت کے لئے دلچسپی رکھنے والے افراد www.careerexpo2024.com پر اپنی رجسٹریشن کرائیں ۔