اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):این ڈی ایم اے کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این آئی ڈی ایم) نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ اور یو این ہیبیٹاٹ کے تعاون سے ”ماحولیاتی شدت سے نمٹنے کے لیے پائیدار شہری منصوبہ بندی” کے موضوع پر دو روزہ ورکشاپ کا انعقادکیا۔ ورکشاپ میں شہری علاقوں میں ماحولیاتی شدت سے نمٹنے کے لیے موثر اورپائیدار منصوبہ بندی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق کراچی میں منعقدہ ورکشاپ میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور شہروں کی منصوبہ بندی میں کلید ی اور متعلقہ اداروں سمیت مختلف معاون اراکین نے بھر پور شرکت کی۔ این آئی ڈی ایم کے چیف کوآرڈینیٹر تنویر پراچہ نے ورکشاپ کا افتتاح کیا اور پاکستان میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے بارے میں شرکا ء کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ورکشاپ میں وفاقی/صوبائی حکومت کے محکموں، اقوام متحدہ کی ایجنسیوں، بین الاقوامی این جی اوز، قومی فلاحی تنظیموں، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، ریسکیو 1122 کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندوں کو ایک باہمی تعاون کا پلیٹ فارم مہیا کیا گیا۔ ورکشاپ کا بنیادی مقصد شہری علاقوں میں ماحولیاتی شدت سے نمٹنے کے لیے موثر اور پائیدار منصوبہ بندی کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔اس موقع پر شرکاء کواپنے اپنے تجربات اور طریقہ کار کے تبادلے کا موقع ملا اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کی اہمیت اور افادیت پر بحث ہوئی۔ ورکشاپ کے دوران مقامی منصوبہ بندی، موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں ضروری اقدامات، کمیونٹی کی شرکت، اورماحولیاتی مسائل کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے شہری منصوبہ بندی میں ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا گیا۔اس موقع پر شرکاء نے پائیدار شہری ترقی کے لیے موئثر حکمت عملی کی تیاری اور ماحولیاتی شدت سے نمٹنے کے لیے بھر پور انداز میں حصہ لیا اور اپنی تجاویز پیش کیں۔بڑھتے ہوئے موسمیاتی شدت کے خطرات سے نمٹنے کے لیے این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے سندھ نے تعاون اورتجربات کے تبادلے کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اختتامی تقریب میں پی ڈی ایم اے سندھ کے ڈائریکٹر آپریشنز امداد اللہ صدیقی نے شرکت کی اور این ڈی ایم اے کی جانب سے معاون اور متعلقہ اداروں کے صلاحیتی دائرہ کار کو بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات اور کوششوں کو سراہا۔