اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے روزنامہ جنگ کے سینیئر صحافی و پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلٹس ورکرز کے صدر پرویز شوکت کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔ جمعہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت اوردرجات بلند کرے اور لواحقین کویہ صدمہ صبر اور حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ سینئر صحافی پرویز شوکت کہنہ مشق صحافی تھے۔ انہوں نے صحافت کے شعبے میں نمایاں خدمات سرانجام دی ہیں ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مرحوم کی شعبہ صحافت میں خدمات کوتادیر یادرکھا جائے گا وہ ایک منجھے ہوئے اور قابل صحافی تھے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے صحافی برادری اور میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبود کیلئے انتھک جدوجہد کی جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی روزنامہ جنگ کے سینئر صحافی و پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلٹس ورکرز کے صدر پرویز شوکت کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔