نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور نگران وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز کے درمیان ملاقات، عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ، سکیورٹی انتظامات کو مضبوط بنانے کیلئے اقدامات پر غور

اے پی پی  |  Jan 25, 2024

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی اور وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز کے درمیان جمعرات کو یہاں ملاقات ہوئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ڈاکٹر گوہر اعجاز کو وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے 8 فروری کے عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور سکیورٹی انتظامات کو مضبوط بنانے کے لئے اقدامات پر غور کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات کے پرامن اور شفاف طریقے سے انعقاد کے لئے حکومت تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے، سکیورٹی انتظامات کو مضبوط بنانے کے لئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان مکمل تعاون ہے۔ ملاقات میں انتخابات کے دوران میڈیا کی ذمہ داریوں سے متعلق بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات کو شفاف اور منصفانہ بنانے میں میڈیا کا اہم کردار ہے، میڈیا انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کسی قسم کی اشتعال انگیزی اور پروپیگنڈے سے گریز کیا جائے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابات میں امن و امان کو برقرار رکھنے میں حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران امن و امان ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ ملاقات میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سعید احمد شیخ بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More