دنیا بھر میں مقیم کشمیری بھارت کے یوم جمہوریہ پر دنیا کی توجہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی جانب مبذول کرائیں، صدرآزاد کشمیر

اے پی پی  |  Jan 25, 2024

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):صدرآزاد کشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مقیم کشمیری 26جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منا ئیں گے ، دنیا بھر میں مقیم کشمیری لندن، نیو یارک، پیرس، برسلز، دی ہیگ، اوسلو، برلن، ڈبلن، جنیوا اور دنیا کے دیگر ممالک میں احتجاجی مظاہرے کر کے دنیا کی توجہ بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کی جانب مبذول کرائیں اور مودی سرکار کو یہ باور کرا دیں کہ بھارت کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو اپنے توپ و تفنگ سے زیر نہیں کر سکتا اور کشمیری عوام کی جدوجہد کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی۔

صدارتی سیکرٹریٹ ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ منانے کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارتی افواج نے جبروتشدد کا ایسا کوئی ہتھکنڈا نہیں چھوڑا جو مظلوم کشمیری عوام پر نہ آزمایا ہو لیکن کشمیری عوام جرات و بہادری کے ساتھ اپنے موقف پرقائم ہیں۔کشمیریوں نے اپنے نصب العین کو نہیں چھوڑا اور کسی بھی صورت اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن آزا د کشمیر،پاکستان او ردنیا بھر میں مقیم کشمیری دنیا پر یہ واضح کردیں گے کہ بھارت کشمیریوں کے بنیادی حق،حق خودارادیت کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے بلکہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔آج تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال میں کشمیر مزید اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ بھارت جمہوریہ نہیں بلکہ ایک نو آبادیاتی فسطائی ریاست ہے جس کے توسیع پسندانہ عزائم نہ صرف ہمسایہ ممالک بلکہ پورے جنوبی ایشیائی خطے کے امن و سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہیں۔

بھارت کا جموں وکشمیر پر ناجائز جابرانہ قبضہ اور اس کے 5 اگست2019کے بعد کے اقدامات کشمیریوں کو کسی صورت قبول نہیں ہیں۔ آج آزاد کشمیر، بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور ان کے حمایتی بھارت کے یوم جمہوریہ کو اس لئے یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ بھارت نے انگریزوں سے اپنی آزادی حاصل کرنے کے فوراً بعد جموں وکشمیر پر حملہ کر کے کشمیریوں سے ان کی آزادی چھین کر قتل و غارت گری کا سلسلہ گزشتہ سات دہائیوں سے جاری رکھا ہوا ہے۔ بھارت کے یہ تمام اقدامات بھارت کے فسطائی اور نو آبادیاتی ملک ہونے کا واضح ثبوت ہیں۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا جھوٹا دعویٰ کرنے والا بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں آزادی، حق خودارادیت، بنیادی انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کا جمہوری مطالبہ کرنے والے کشمیریوں کے خون کی ندیاں بہا رہا ہے جو اس کی فسطائیت پسندی اور نو آبادیاتی طاقت ہونے کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعدبھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں مکمل لاک ڈائون اور کرفیو ہے، بھارتی حکومت نے شہریوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے، کشمیری نہ پہلے جھکے ہیں اور نہ اب دنیا کی کوئی طاقت ان کے جذبے کو زیر کر سکتی ہے، بھارتی فوج کی ظلم وبربریت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کسی صورت کمزور نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ، بین الاقوامی برادری، انسانی حقوق کے اداروں اور عالمی سول سوسائٹی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کی طرف سے جموں وکشمیر میں غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات کا فی الفور نوٹس لے اور اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارتی حکومت کے ظلم و جبر اور کشمیریوں کی نسل کشی بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More