کیچ بلوچستان: پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ مزدور اغوا

اردو نیوز  |  Jan 25, 2024

بلوچستان کے ضلع کیچ سے نامعلوم افراد نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ مزدوروں کو اغوا کرلیا۔

لیویز حکام کے مطابق پانچوں افراد ضلع کیچ کی سب تحصیل ہوشاب میں نجی موبائل کمپنی کے موبائل ٹاور کی تنصیب کرنے کے بعد ایک اور ٹاور نصب کرنے آواران جا رہے تھے۔

ہوشاب لیویز تھانے کے انچارج منظور احمد نے اردو نیوز کو ٹیلیفون پر بتایا کہ پانچوں افراد 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود آواران نہیں پہنچ سکے۔

اطلاع ہے کہ انہیں آواران سے ملحقہ ضلع کیچ کے علاقے ہوشاب میں ڈنڈار ڈھلے بازار کے قریب سے نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مغویوں کی شناخت نذیر احمد، فاروق احمد، محمد طارق، صفدر اور حسنین کے ناموں سے ہوئی ہے جو جنوبی پنجاب کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔

لیویز انچارج کے مطابق آواران اور کیچ کو ملانے والا یہ راستہ اور علاقہ سکیورٹی کے لحاظ سے حساس ہے اور یہاں کالعدم تنظیمیں سرگرم ہیں خدشہ ہے کہ انہیں بلوچ مسلح کالعدم تنظیم نے اغوا نہ کرلیا ہو۔

پانچوں افراد سکیورٹی کے بغیر آواران کی طرف روانہ ہوئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ مزدوروں کی تلاش کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More