قومی کمیشن برائے حقوق اطفال کے سٹریٹجک وژن کے ذریعہ 2026 تک بچوں کے حقوق کے نفاذ میں واضح بہتری نظر آ ئے گی، مشعال حسین ملک

اے پی پی  |  Jan 24, 2024

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے بچوں کے حقوق کے نفاذ کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی کمیشن برائے حقوق اطفال(این سی آر سی ) کے سٹریٹجک وژن کے ذریعہ ہمیں 2026 تک بچوں کے حقوق کے نفاذ میں واضح بہتری نظر آ ئے گی۔ وہ بدھ کو یہاں این سی آر سی کے سٹریٹجک پلان 26 -2023 اور بچوں کی سمگلنگ پر پالیسی بریف کے اجراء کی  تقریب  سے خطاب کر رہی تھیں۔ تقریب میں معاون خصوصی کی فوکل پرسن سبین حسین ملک اور مشعال حسین ملک و یاسین ملک کی بیٹی رضیہ سلطانہ نے بھی شرکت کی۔

مشعال حسین ملک نے ملک کے بچوں اور نوجوانوں کو درپیش چیلنجوں کے خلاف متحدہ محاذ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تیزی سے بدلتے ہوئے سماجی و اقتصادی منظرنامے کے تناظر میں بچوں کے حقوق کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے چائلڈ رائٹس کے معاملے پر دور اندیشی اور حالات سے موافقت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ این سی آر سی اور این سی آر سی کی چیئر پرسن عائشہ کی طرف سے پیش کردہ سٹریٹجک وژن دراصل پاکستان کے بچوں کے لیے ایک بہتر مستقبل کا وعدہ ہے۔ انہوں نے بچوں کی سمگلنگ سے نمٹنے اور اس مسئلے کو فعال طور پر حل کرنے کے لیے ایک جامع رہنمائی فراہم کرنے پر این سی آر سی کی  کوششوں کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ این سی آر سی کا سٹریٹجک منصوبہ بچوں سے متعلق مخصوص چیلنجوں کا جارحانہ انداز میں مقابلہ کرنے کے لئے کمیشن کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے تمام سٹیک ہولڈرز سے اتحاد اور ایکشن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ سٹریٹجک پلان میں بیان کردہ وژن کو حقیقت میں بدلیں۔ انہوں نے آنے والے سالوں میں بچوں کی تقدیر کا تعین کرنے کےلئے معاشرے کی اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں نہ صرف ہر بچے کے حقوق کو تسلیم کرنا ہوگا بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنانا ہوگا کہ بچوں کے حقوق کو فعال طور پر نافذ کیا جائے۔ ان اقدامات سے ہمارے بچے ایسے ماحول میں پروان چڑھیں گے جس سے ان کی حقیقی صلاحیتیں اجاگر ہوں گی۔انھوں  نے این سی آر سی کے سٹریٹجک پلان کی تشکیل میں کردار ادا کرنے والے تمام سٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو سراہا ۔ مشعال حسین ملک نے کہا کہ بچوں کے حقوق اور ان کا روشن مستقبل ہماری ان مشترکہ اقدار میں شامل ہیں جو قوم کو اکٹھا کرتی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More