اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلو م نے جنوری 21 سے جنوری 23 تک کراچی کا دورہ کیا۔ اپنے دورے میں انہوں نے پاکستان کیلئے بطور تجارتی اور اقتصادی شراکت دار امریکہ کے مسلسل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ تجارتی و اقتصادی شراکت داری کو وسعت دینے ، اسے مزید گہرا کرنے اور پاکستانی کاروباری رہنماؤں کی نئی نسل کو بااختیار بنانے کے حوالے سے پرعزم ہیں۔ بدھ کو یہاں امریکی سفارتخانہ سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق سفیر ڈونلڈ بلوم نےامریکن بزنس کونسل کے ساتھ ملاقات میں نجی شعبے کی زیر قیادت مساوی و مسلسل معاشی نمو اور دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کی استعداد بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے امریکی کمپنیوں کی کاروباری سماجی ذمہ داری کی تعریف کی اور نجی کاروباری رہنماؤں سے بات چیت میں پاکستان میں کاروباری ماحول کےحوالے سے آگاہی حاصل کی۔ امریکی سفیر نے امریکہ میں واقع عالمی رہنماء کمیونٹی کے سربراہوں کی تنظیم “ینگ پریذیڈنٹس آرگنائزیشن “کے ممبران کے ایک گروپ سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنے کیلئے میسر آنے والے موقع کا خیرمقدم کیا اور معاشی اصلاحات کے امکانات پر بات چیت کی۔کاروبار کےفروغ کیلئے امریکی عزم کو اجاگر کرنے کے لئے امریکی سفیر نے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے سینٹر برائے اینٹرپرینیورشپ ڈویلپمنٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر امریکی سفیر نے امریکی اعانت سے جاری متعدد پروگراموں کے ذریعے نئے کاروباری افراد کو مدد فراہم کرنے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے نیشنل انکیوبیشن سینٹر، کراچی (این آئی سی-کے) کے دورے کے دوران جدت کو فروغ دینے، روزگار کے مواقع تخلیق کرنے اور معاشی ترقی کیلئے کوشاں جدت طرازوں، کاروباری افراد اور طالب علموں کیلئے امریکہ کی مضبوط اعانت کا پیغام دیا۔انہوں نے امریکہ کے ساتھ این آئی سی کے تعاون کو سراہتے ہوئے قابل تجدید توانائی کے ذرائع تک رسائی کو بہتر بنانے اور ماحولیاتی بحران سے نبرد آزما ہونے کے حوالے سے پاک-امریکہ شراکت کی اہمیت کا ذکر کیا۔ امریکی سفیر نے اپنے دورے میں سندھ کے نگران وزیر اعلی جسٹس (ر) مقبول باقر اور نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی سے بھی ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں پاک-امریکہ تجارتی و معاشی شراکت داری اور دونوں ملکوں کی مشترکہ ترجیحات پر توجہ مرکوز رہی۔