الیکشن کمیشن کا مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندوں کی جانب سے انتخابی مہم میں حکومتی مشینری کے استعمال کا نوٹس

اے پی پی  |  Jan 24, 2024

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندوں کی جانب سے انتخابی مہم میں حکومتی مشینری کے استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز اور الیکشن کمشنرز کو حکم دیا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو ایسے عمل سے باز رکھا جائے ، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ ٹیمیں انتخابی مہم کی نگرانی مزید سخت کریں۔

بدھ کو الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے علم میں آیا ہے کہ مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندگان اور اہلکاران امیدواران کی انتخابی مہم کے دوران افرادی قوت اور حکومتی مشینری کو فراہم کر کے ان کے مددگار ثابت ہو رہے ہیں جو کہ تمام امیدواران کو یکساں مواقع فراہم کرنے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

الیکشن کمیشن نے سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز اور صوبائی الیکشن کمشنرز کو بذریعہ مراسلہ حکم دیا ہے کہ تمام مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندے اور اہلکاران کو متنبہ کیا جائے کہ وہ مذکورہ بالا عمل سے باز رہیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس کے ساتھ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ ٹیموں کو بھی انتخابی مہم کی سخت نگرانی کرنے اور خلاف ضابطہ کارروائیوں پر انضباطی کارروائیاں کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More