کیمبرلی۔24جنوری (اے پی پی):آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے میچ میں سری لنکا نے نمیبیا کو 77 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح اپنے نام کرلی، سری لنکا انڈر 19 کے 134 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم 27 اوورز میں صرف 56 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، سوپن ودوگے کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔بدھ کے روز ڈائمنڈ اوول کمبرلی میں کھیلے گئے آئی سی سی انڈر 19 ون ڈے ورلڈ کپ کے 12ویں میچ میں سری لنکا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 37.5 اوورز میں 133 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی، سوپن ودوگے نے 56 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی، روساندا گاماگے 17، شاروجان شنموگاناتھن 13 اور کپتان سنیتھ جے وردنے 10 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ان کے علاوہ کوئی بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔نمیبیا کے زاچیو وان وورن نے 23 رنز دے کر 4 اور جونیس ڈویلیئرز نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جیک براسل اور پیٹر ڈینیئل نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ سری لنکا کے 134 رنز کے بظاہر آسان نظر آنے والے ہدف کے تاقب میں نمیبیا کی ٹیم 27 اورز میں صرف 56 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی،پیٹر ڈینیئل بلگناٹ 18 اور ہانرو بادن ہورسٹ 11 رنز بنا سکے جبکہ 9 کھلاڑی سکور ڈبل فگر تک بھی نہ پہنچ پائے۔ سری لنکا کی طرف سے ویشوا لہیرو اور رویشان پریرا نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، دینورا نے دو اور سنکتھ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔