جدید علوم حاصل کرکے دنیا کو دین کا تابع بناناہی ہمارے دین کا سبق ہے،وفاقی وزیر مذہبی امور

اے پی پی  |  Jan 24, 2024

فیصل آباد۔ 24 جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمدنے کہا کہ علم دراصل خدا خوفی کا نام ہے،اللہ کی خشیت صاحبان علم کے دل میں ہی ہوتی ہے،جدید علوم حاصل کرکے دنیا کو دین کا تابع بناناہی ہمارے دین کا سبق ہے،اہل علم کو چاہیے کہ وہ رب کائنات کی خشیت کیلئے نئے راستے تخلیق کریں جن پر آنے والے چل سکیں۔

وہ بدھ کوجامعہ سلفیہ حاجی آباد فیصل آباد میں تکمیل مفتی ڈگری کورس کی تقریب سے خطاب کرہے تھے۔انہوں نے کہا کہ انہیں مذکورہ تقریب میں شرکت اورجامعہ کابہترین ماحول دیکھ کر بڑی خوشی ہوئی جبکہ انہیں بابا فریدگنج شکرؒ اورحضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ پرپی ایچ ڈی کے تھیسز دیکھ کر دلی اطمینان و تشفی حاصل ہوئی۔انہوں نے کہا کہ برصغیر کے علما ئے حق نے دین کی بڑی خدمت کی اورانہی کی وجہ سے ہمیں بھی بہت کچھ سیکھنے سمجھنے کا موقع ملا۔وزیر مذہبی امور نے کہا کہ دنیا کا کوئی علم سیکولر نہیں ہوتاجب آپؐ سے سوال کیا گیا کہ علم کس کو کہتے ہیں تو آپؐ نے فرمایا علم خدا خوفی کو کہتے ہیں لیکن آپ خود سوچیں کہ کیا علم والے اور بے علم ایک ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کیلئے ضروری ہے کہ وہ دنیا کا ہر علم دیکھے، پڑھے، سمجھے اور پھر دیکھے کہ اسلام کس وجہ سے ان ادیان سے منفرد و ممتاز ہے۔انہوں نے کہا کہ علم دراصل خدا خوفی کا نام ہے جس میں ہر کسی کے حقوق اور حدود وقیود کا تعین اور بہترین زندگی گزارنے کا طریقہ و سلیقہ سکھایا گیا ہے۔

انیق احمد نے کہا کہ ہم سب کودینی مدارس اسلامیہ کا احسان مند ہونا چاہیے کہ ہمارے مدارس نے دینی علوم کونہ صرف محفوظ کر رکھا ہے بلکہ اس کی آبیاری کیلئے دن رات کاوشیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ دینی علوم کے حصول میں عہد کا لمس ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مسجد سکول کا آغاز کر رہے ہیں تاکہ دینی علوم حاصل کرنیوالوں کیلئے مزید آسانیاں پیدا ہوسکیں۔وزیر مذہبی امور نے کہا کہ آپ سب طلبا ملت کے مقدر کے ستارے ہیں اسلئے آپ دنیا کے سامنے اسلام کی حقیقی تصویر کشی کریں۔انہوں نے کہا کہ مدارس میں جدید نصاب تعلیم وقت کا تقاضا ہے اورہمارے بہت سارے مدارس میں نصاب تعلیم کو جدید بنا دیا گیا ہے جبکہ باقی مدارس کو بھی جلد اس سے مستفید کیا جا ئے گا تاکہ دین و دنیا کو ساتھ ساتھ لیکر چلا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نوجوانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ آپ مدارس سے فراغت کے بعد دنیا کو دین کے تابع بنانے کا ارادہ لے کر دنیا کواپنی تعلیمات اور اخلاق سے فتح کریں۔وفاقی وزیر نے جامعہ سے مفتی کا کورس مکمل کرنیوالے مفتیان کو مبارکبادپیش اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ عملی زندگی میں علم کی روشنی پھیلانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔

مہتمم جامعہ سلفیہ پروفیسر چوہدری محمد یاسین ظفرنے اپنے خطبہ استقبالیہ میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر مذہبی امور کو ادارہ کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ جامعہ سلفیہ کے طلبا دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں اورمذکورہ جامعہ کے نصاب میں کسی مسلک کی چھاپ نہیں بلکہ طلبا کو تقابل ادیان، اقتصادیات، سیاسیات پڑھایا جارہا ہے اورجامعہ کے فارغ علما قیام امن، مسلکی و مذہبی ہم آہنگی، پولیو کے خاتمے کیلئے حکومت کے شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں،اسی طرح جامعہ کے تحت اہل علاقہ کوبلاامتیاز طبی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ مولانا یاسین ظفرنے کہا کہ ہمارا دین کچھ ذمہ داریاں سمجھا تا ہے جن میں ایک یہ بھی ہے کہ علم حاصل کریں تاکہ کائنات کو فتح کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ جب انسان اللہ تعالی کے قریب ہوجاتا ہے تو اللہ پاک فرماتے ہیں کہ میں اس کا ہاتھ کان آنکھ بن جاتا ہوں، اہل ایمان چلتا پھرتا قرآن ہوتے ہیں اوراہل ایمان اللہ کو ٹوٹ کر چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن پاک ہمیں بتاتا ہے کہ میری نماز، میری قربانی، میرا جینا میرا مرنا صرف اللہ کے لیے ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی ﷺکا مقام بہت اونچا ہے جبکہ صحابہ کرام بھی بہت اونچے مقام کے حامل ہیں اسی لئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا میں ان سے راضی ہوں اور وہ مجھ سے راضی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم جس فضا میں سانس لے رہے ہیں اس میں ہمیں نئے نئے چیلنجز کا سامنا ہے جبکہ پوری دنیا میں بھی چیلنجزدرپیش ہیں جن سے خندہ پیشانی سے نمٹنا ہوگا اور یہی ہماری تعلیمات اسلامی کا تقاضہ ہے۔

انہوں نے مفتی کورس مکمل کرنیوالے مفتیان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پرشیخ الحدیث ڈاکٹر عتیق الرحمن نے بھی تقریب سے خطاب کیاجبکہ علما مشائخ،اساتذہ کرام اور طلبا کی بڑی تعدادبھی اس موقع پر موجود تھی۔بعدازاں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے جامعہ سے مفتی کا کورس مکمل کرنیوالے 12 مفتیان کو اسناد اور دیگرانعامات سے بھی نوازا۔\

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More