آٹھ فروری کے انتخابات کی کوریج کیلئے غیر ملکی مبصرین اور صحافی پاکستان پہنچیں گے، 49 غیر ملکی صحافیوں کو ویزے جاری، نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی پریس کانفرنس

اے پی پی  |  Jan 23, 2024

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ 8 فروری کے انتخابات کی کوریج اور شفافیت کا جائزہ لینے کے لئے 14 ممالک سے میڈیا کے نمائندے اور مبصرین پاکستان پہنچیں گے، 49 غیر ملکی صحافیوں کو ویزے جاری کر دیئے گئے ہیں، 32 درخواستوں پر کام جاری ہے،

پاکستان میں موجود غیر ملکی میڈیا ہائوسز کے نمائندوں کی ایکریڈیٹیشن کارڈز کے حصول کے لئے درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، الیکشن کمیشن اور نگران حکومت غیر ملکی مبصرین اور صحافیوں کو مکمل سہولیات فراہم کریں گے۔

یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ عنبرین جان، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر طارق محمود اور ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سعید احمد شیخ بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کرنا چاہئے، انتخابات کی کوریج کے لئے غیر ملکی میڈیا کے نمائندے پہلے ہی پاکستان میں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکشن کی کوریج کے لئے غیر ملکی صحافیوں اور مبصرین کی درخواستیں دینے کی آخری تاریخ 20 جنوری مقرر کی گئی تھی لیکن اس تاریخ کے بعد بھی غیر ملکی صحافیوں اور مبصرین کی درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک غیر ملکی صحافیوں کو 49 ویزے جاری کئے گئے ہیں جبکہ 32 درخواستوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی سے بھی تقریباً 24 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جو انڈر پراسیس ہیں۔ مجموعی طور پر میڈیا کے مختلف اداروں کی طرف سے 174 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

اس کے علاوہ غیر صحافی کیٹیگری میں صرف برطانیہ سے غیر ملکی مبصرین کی 25 درخواستوں پر کام جاری ہے، اسی طرح رشین فیڈریشن کی طرف سے 8، جاپان سے 13 درخواستیں زیر غور ہیں جبکہ کینیڈا سے پارلیمنٹ کے5 ارکان نے درخواستیں دی ہیں۔ جنوبی افریقہ سے 2 مبصرین اور کامن ویلتھ سے پانچ درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک پاکستان میں 6065 صحافیوں کو ایکریڈیٹیشن کارڈ دیئے گئے ہیں جن میں لاہور سے 1200، کراچی سے 1470، پشاور سے 1050، کوئٹہ سے 600، حیدر آباد سے 355، فیصل آباد سے 250 اور ملتان سے 290 صحافی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی صحافی اور مبصرین نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے لئے اجازت نامے لئے ہیں، ان تین بڑے شہروں کے علاوہ اگر کوئی غیر ملکی صحافی کسی دوسرے شہر میں جانا چاہے تو اس کا کیس بائی کیس جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 20 جنوری کی تاریخ گذرنے کے باوجود اب بھی الیکشن کمیشن اور وزارت اطلاعات کے متعلقہ ادارے ان درخواستوں پر غور کر رہے ہیں۔ صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کی حفاظت کرے، غیر ملکی صحافیوں اور مبصرین کو سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ عنبرین جان نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ انتخابات کی کوریج کے لئے 14 ممالک سے 81 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 49 غیر ملکی صحافیوں کو ویزے جاری کئے گئے جبکہ بقیہ درخواستوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 174 صحافیوں نے پہلے ہی ایکریڈیٹیشن کارڈز کے لئے درخواستیں دے رکھی تھیں جو پاکستان میں موجود فارن میڈیا ہائوسز کے لئے پاکستان میں بیٹھ کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا ضابطہ اخلاق جاری ہو چکا ہے، پاکستان میں موجود صحافیوں اور بیرون ملک سے آنے والے صحافیوں کے ساتھ یہ ضابطہ اخلاق شیئر بھی کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی صحافی جب پاکستان آئیں گے تو انہیں ای سی پی سے ایکریڈیٹیشن کارڈ لے کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی مبصرین کی تعداد 55 ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ غیر ملکی صحافیوں کی سہولت کے لئے پی آئی ڈی میں الیکشن سیل قائم کیا جا رہا ہے جبکہ ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ میں بھی الیکشن سیل 24 گھنٹے کام کرے گا جو صحافیوں کو سہولیات فراہم کرے گا۔\

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More