پشاور میں سیاسی بحث و تکرار، باپ نے بیٹے کو قتل کر دیا

اردو نیوز  |  Jan 22, 2024

پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں گھر کے اندر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں مبینہ طور باپ کی فائرنگ سے اس کا بیٹا ہلاک ہو گیا۔

گذشتہ روز نوررحمان نامی شخص نے اپنے بیٹے عطاء الرحمان کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔ اس واقعہ کی ایف آئی آر تھانہ بڈھ بیر میں مقتول کے بھائی کی مدعیت میں اپنے والد کے خلاف درج کی گئی ہے۔

 ایف آئی ار کے مطابق والد اور بیٹے میں سیاسی بحث ہوئی اور باپ نے بیٹے کو سیاست سے دور رہنے کی تلقین کی جس پر  تکرار بڑھ گئی۔ 

 مدعی نے پولیس کو بتایا کہ ’بحث بڑھنے کے بعد میرے والد نے طیش میں آکر بھائی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر دم توڑ گیا۔‘

پولیس کے مطابق مقتول نوجوان قطر میں مزدوری کرتا تھا جو دو ماہ پہلے وطن واپس آکر سیاسی سرگرمیوں میں مصروف رہنے لگا تھا جس پر باپ بیٹے میں اکثر تکرار ہوتی تھی۔

ملزم اس واقعہ کے بعد فرار ہوچکا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More