صوبوں کی جانب سے ہیلتھ سکیورٹی ایکشن پلان گلوبل ہیلتھ سکیورٹی ایجنڈے پر عملدرآمد کی جانب اہم قدم ہے، نگران وفاقی وزیر صحت

اے پی پی  |  Jan 22, 2024

اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ صوبوں کی جانب سے ہیلتھ سکیورٹی کیلئے تیار کردہ ایکشن پلان گلوبل ہیلتھ سکیورٹی ایجنڈے پر عملدرآمد کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب میں ہیلتھ سکیورٹی کے حوالے سے قومی ایکشن پلان کی تیاری کیلئے تین روزہ ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر کیا۔

اجلاس میں ماہرین صحت، سرکاری حکام اور اہم فریقین نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سمیت ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر محمد الیاس، پروفیسر جاوید اکرم، نگران وزیر پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ اس اہم کاوش میں حصہ لینے پر پنجاب حکومت اور ترقیاتی شراکت اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے حال ہی میں گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ کی میزبانی کی ہے جس کا مقصد ویکسین ایکویٹی، ٹیکنالوجی کی منتقلی کے بارے میں معلومات کے تبادلے اور صحت کی سلامتی کی ترجیحات کو ہم آہنگ کرنے کیلئے بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ شراکت داری قائم کرنا تھی۔

ڈاکٹر ندیم جان نے اس بات پر زور دیا کہ صحت کا تحفظ بنیادی ستون ہے، صوبوں کی جانب سے ہیلتھ سکیورٹی کیلئے تیار کردہ ایکشن پلان گلوبل ہیلتھ سکیورٹی ایجنڈے پر عملدرآمد کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے اس ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس میں ایک موثر مانیٹرنگ اور تشخیص کا فریم ورک موجود ہے۔ ورکشاپ کے شرکاء نے جی ای ای رپورٹ 2023ء کی سفارشات کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جس سے پاکستان میں صحت کی سہولیات میں مزید مدد ملے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More