وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اپنی بصیرت سے پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، مرتضیٰ سولنگی

اے پی پی  |  Jan 22, 2024

اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان اور ایران کے مشترکہ پریس بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اپنی بصیرت سے پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

پیر کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سفارتی تاریخ میں تیزی سے تنائو کم کرنے کا تمام کریڈٹ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کو جاتا ہے، وزیر خارجہ نے اپنی بصیرت سے پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ٹویٹ میں پاکستان اور ایران کے وزراء خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو کے حوالے سے وزارت خارجہ امور کا پریس ریلیز بھی شیئر کیا جس میں پاکستان اور ایران دونوں ممالک کے سفیروں کی 26 جنوری 2024 تک اپنے اپنے عہدوں پر واپسی پر اتفاق ہوا ہے۔ بیان کے مطابق وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کی دعوت پر ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان 29 جنوری 2024 کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More