پیرس ۔22جنوری (اے پی پی):فرانس کے دارلحکومت پیرس میں پاکستانی سفارتخانہ منگل کو پاکستانی خواتین دستکاروں اور کاروباری افراد کی شناخت کے لیے ایک فیشن شو کی میزبانی کرے گا۔سفارت خانے نے پیر کو اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اعلان میں کہا ہے کہ عمر منصور اور کاروان کرافٹس فاؤنڈیشن پاکستان کے تعاون سے 23 جنوری کو پاکستانی سفارتخانہ پیرس میں “کلچر ٹو کاؤچر” کے عنوان سے فیشن شو کیا جا رہا ہے۔ فیشن شو میں پاکستان کی دیہی خواتین کاریگروں اور کاروباری افراد کی پیچیدہ دستکاری وکڑھائی اور تکنیکوں کو عمر منصور کے ڈیزائن کردہ لباس کی لائن پر پیش کیا جائے گا۔عمر منصور لندن میں مقیم فیشن ڈیزائنر ہیں جو ثقافت اور ورثے کا احترام کرتے ہیں اور تخلیقی صلاحیتوں کو کاریگروں کا سب سے مضبوط اثاثہ تسلیم کرتے ہیں۔کاروان کرافٹس فاؤنڈیشن ایک غیر منافع بخش کمپنی ہے جو پاکستانی دیہی خواتین کو زندگی کی مہارتیں فراہم کرتی ہے، اس نے اب تک پاکستان بھر کے 26 اضلاع کے 1,000 سے زیادہ دیہاتوں میں 29,000 سے زیادہ خواتین کو متحرک، تربیت اور بااختیار بنایا ہے۔