سرگودھا کے حلقہ این اے 83 اور 85 میں انتخابات ملتوی کرنے کا نوٹیفیکشن کالعدم قرار

اردو نیوز  |  Jan 22, 2024

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 83 اور این اے 85 سرگودھا میں امیدوار کی وفات کے بعد الیکشن کے التوا کا نوٹیفیکشن کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے این اے 83 اور این اے 85 میں الیکشن کے التوا کے نوٹیفیکشن کے خلاف پیر کو مسلم لیگ ن کے امیدوار ذوالفقار علی بھٹی اور محسن شاہنواز رانجھا کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ’ان حلقوں میں انتخابات آٹھ فروری کو ہی ہوں گے۔ انتخابی عمل جاری رہے گا۔‘ اس موقعے پر ڈی آر او سرگودھا اور ریٹرننگ افسران بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

مسلم لیگ ن کے ووٹرز نے دوران سماعت بتایا کہ ’مجھے ریٹرننگ افسر کا ایک نوٹس ملا کہ آپ کے حلقے میں امیدوار فوت ہو گیا ہے اور وفات پانے والے امیدوار کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ 15 جنوری کا ہے۔‘

’تحقیقات کرنے پر پتہ چلا کہ امیدوار صادق علی کی وفات دو جنوری کو ہوئی جبکہ نماز جنازہ تین جنوری کو ہوئی، اس معاملے میں جعل سازی کی گئی ہے۔ میری درخواست ہے کہ انتخابات ملتوی نہ کیے جائیں۔‘

ڈی آر و سرگودھا نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ ’میں نے انکوائری کروائی ہے اور ثابت ہو گیا ہے کہ صادق علی کی وفات دو جنوری کو ہوئی ہے۔‘

ڈی آر او نے مزید بتایا کہ ’انکوائری میں صادق علی کی والدہ، بیٹی، امام مسجد کے بیان ریکارڈ کیے گئے ہیں۔‘

اس کے بعد چیف الیکشن کمشنر نے ان حلقوں میں الیکشن کے التوا کا نوٹیفیکشن کالعدم قرار دے دیا۔

قبل ازیں مسلم لیگ ن کے امیدوار محسن شاہنواز رانجھا نے وفات کی غلط تاریخ کے اندراج پر فراڈ کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان بھی کیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More