معاون خصوصی جواد سہراب ملک اور قطری وزیر تعلیم کی ملاقات، تعلیم کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال، تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کا عزم

اے پی پی  |  Jan 20, 2024

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل، جواد سہراب ملک نے قطر کی وزیر تعلیم و اعلی تعلیم محترمہ بوثانیہ بنت علی الجبر النعیمی کے ساتھ تعمیری اور نتیجہ خیز ملاقات کی اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوئوں پر بات چیت کے دوران معیشت اور معاشرے میں تعلیم یافتہ خواتین کے اہم کردار پر زور دیا۔

ہفتہ کو وزارت سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل، جواد سہراب ملک نے تعلیم اور روزگار کے مواقع کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کی اہمیت کا اعتراف کیا اور اس کے کسی بھی قوم کی مجموعی ترقی پر پڑنے والے مثبت اثرات کو تسلیم کیا ۔ ملاقات میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ قطر اپنے وژن 2030 کے مطابق تعلیم پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے،

جس کا مقصد تعلیم کے معیار کو بڑھانا اور تا عمر سیکھنے کو فروغ دینا ہے۔ اسی طرح پاکستان قطر کے وژن 2030 کے مطابق انتہائی ہنر مند اور پیشہ ور افرادی قوت برآمد کرنے کا خواہاں ہے جس میں انسانی وسائل کی ترقی اور صلاحیت کی تعمیر پر زور دیا گیا ہے۔

معاون خصوصی نے عربی زبان کے لیے ایک تربیتی پروگرام متعارف کرانے کی تجویز پیش کی، جس کا مقصد کارکنوں کو فائدہ پہنچانا اور قطری ثقافت میں ان کے انضمام کو آسان بنانا ہے۔ قطر کی وزیر تعلیم نے قومی ترقی کی حکمت عملی کے ایک بنیادی ستون کے طور پر تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور معیاری تعلیم اور خدمات کی فراہمی پر قطر کی غیر متزلزل توجہ کا اعادہ کیا۔

عربی تربیتی پروگرام پر غور کو قطر میں افرادی قوت کے ہنر کو مزید تقویت دینے کی جانب ایک قدم کے طور پر خوش آئند قرار دیا گیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان انٹرنیشنل اسکول (پی آئی ایس) کی بھی تعریف کی اور قطر میں بڑھتی ہوئی پاکستانی کمیونٹی کو تسلیم کرتے ہوئے پی آئی ایس کی علیحدہ کیمبرج برانچ کھولنے کے اقدام کے لیے مسلسل حمایت کا اظہار کیا۔ توقع ہے کہ اس اقدام سے پاکستانی تارکین وطن کو فائدہ پہنچے گا اور قطر کے قومی وژن 2030 کی تکمیل میں مدد ملے گی۔

ملاقات باہمی ترقی کو فروغ دینے کے مشترکہ وژن کے ساتھ تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی اور خوشحالی کے شعبے میں تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ ملاقات کے دوران معاون خصوصی کے ساتھ قطر میں پاکستان کے سفیر اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More