اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستانی نژاد امریکیوں کی کامیابیاں پاکستان کے لیے فخر اور اعزاز کی بات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خدیجہ عالم ایک نیا نقطہ نظر رکھنے والی نوجوان متحرک قیادت ہیں۔ہم پاکستان اور امریکہ کے درمیان پل بنانے میں ان کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔ مسعود خان نے ان خیالات کا خدیجہ عالم سے ایک ورچوئل میٹنگ کے دوران کیا۔واضح رہے کہ خدیجہ عالم کو کیلیفورنیا کمیشن آن ایشین اینڈ پیسیفک آئی لینڈر امریکن افیئرز کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے، یہ واحد نسلی کمیشن ہے جو کیلیفورنیا سٹیٹ لاءکی طرف سے قائم کیا گیا ہے تاکہ ایشیائی امریکی اور بحر الکاہل کے جزیرے کی امریکی کمیونٹیز کی ضروریات اور خدشات جیسے مسائل کو حل کیا جا سکے۔خدیجہ عالم پہلی پاکستانی نژاد امریکی ہیں جو اس اہم عہدے پر فائز ہیں جو 60 لاکھ سے زائد ایشیائی امریکیوں اور پیسیفک آئی لینڈرز کے مفادات کی نمائندگی کرتی ہیں جو کیلیفورنیا کو اپنا گھر تصور کرتے ہیں۔خدیجہ عالم نے کہا ہےکہ یہ موقع ہر اس چیز کی مثال اور نمائندگی کرتا ہے جو میں اپنے دل کے قریب اور عزیز رکھتی ہوں اوراپنی کمیونٹی کو واپس دینا چاہتی ہوں۔اپنے سفر کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا خاندان 1996 میں پاکستان سے ہولسٹر، کیلیفورنیا چلا گیا جب ان کی عمر صرف 13 برس تھی۔انہوں نے بتایا کہ کمیشن میں شامل ہونے سے پہلے، میں نے کیٹالسٹ کیلیفورنیا کے لیے پالیسی اور وکالت کے سینئر ڈائریکٹر کے طور پر اور بعد میں کیلیفورنیا کے رضاکاروں کے دفتر، گورنر کے دفتر میں بیرونی اور قانون سازی کے امور کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ آج کل، میں کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز، سیکرامنٹو ویلی/سنٹرل کیلیفورنیا کے بورڈ کے صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں ایشیائی مخالف نفرت پر توجہ مرکوز کرنے کا ارادہ رکھتی ہوں اور ریاستی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ثقافتی زبان کی حساسیت سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لیے آگے بڑھنے کے لیے کوشاں رہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیلیفورنیا بھر میں ترقی پذیر کمیونٹیز میری اولین ترجیح ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ان ترجیحات میں اسلامو فوبیا اور اینٹی سمیٹیزم پر کام کرنا بھی شامل ہے۔عوامی خدمت کے لیے ان کے جذبے اور لگن کو سراہتے ہوئے، سفیر مسعود خان نےخدیجہ عالم کو اپنے حلقے کے تاجروں، ٹیک ماہرین، سرمایہ کاروں اور قانون سازوں کے ساتھ پاکستان آنے کی دعوت دی۔سفیر نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی، زراعت، معدنیات نکالنے، توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ ہم پاکستان میں سرمایہ کاروں اور کیلیفورنیا میں ان کے ہم منصبوں کے درمیان مضبوط کاروباری رابطوں کا خیرمقدم کریں گے۔مسعود خان نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان آئی ٹی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے سلیکون ویلی میں مقیم کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری پر بھی روشنی ڈالی۔اپنے اختتامی کلمات میں سفیر نے کہا کہ ہم آپ کی خوشی میں شریک ہیں اور آپ کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔