پاکستان کے تمام شہری عقیدے، ذات اور نسل سے قطع نظر قانون کی نظر میں برابر ہیں ، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک کا بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے اجلاس سے خطاب

اے پی پی  |  Jan 19, 2024

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام شہری عقیدے، ذات اور نسل سے قطع نظر قانون کی نظر میں برابر ہیں ۔ وہ جمعہ کو یہاں پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ  مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔

مشاورتی اجلاس میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے اراکین نے شرکت کی۔ جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے پاکستان بھر میں اقلیتوں کو درپیش چیلنجز کے بارے میں لیے شرکاء کے خیالات سنے اور انہیں یہ یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے بامعنی اور موثر اقدامات کیے جائیں گے۔

اپنے خطاب میں مشعال حسین ملک نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے حوالے سے اپنی پالیسیاں ان سنہری اصولوں سے اخذ کرتا ہے جو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی سے اپنے خطاب میں وضع کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پہلی کابینہ تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد پر مشتمل تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قومی پرچم کے رنگوں میں بھی ہماری مذہبی اتحاد کی جھلک نظر آتی ہے۔

انھوں نے تمام مذاہب میں موجود برداشت، انسانیت اور امن کی عالمی تعلیمات پر زور دیا۔ انہوں نے بعض گروہوں کی طرف سے مذاہب کی غلط تشریح پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی سطح پر نفرت کو فروغ دینے کا باعث قرار دیا۔ انہوں نے صیہونی اور ہندوتوا نظریات کے خطرے کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں کے نظریات عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ ہیں۔

انہوں نے اقلیتوں کے ملک میں موجود ان کے مقدس مقامات کی زیارت یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرتار پور راہداری پاکستان کے اس عزم کی مثال ہے۔ راہداری کے ذریعے ہزاروں سکھ یاتری سالانہ بنیادوں پر سرحد پار سے اپنے مقدس مقامات کا دورہ کرتے ہیں۔وزیراعظم کی معاون خصوصی نے پاکستان بھر کے تعلیمی اداروں میں بین المذاہب سوسائٹیز کے قیام کے لیے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے تمام عقائد کے احترام اور امن کو فروغ دینے کے لیے تعلیمی نصاب میں مناسب ترامیم پر بھی زور دیا۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں تمام سطحوں پر اقلیتوں کے لیے مخصوص وظائف متعارف کرانے کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ تعاون کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتوں کے لیے مختص تعلیم اور ملازمتوں کے کوٹوں کو موثر طریقے سے نافذ کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مشعال ملک نے ضلعی سطح کی بین المذاہب کمیٹیوں کو بااختیار بنانے پر زور دیتے ہوئےکہا کہ ضلعی انتظامیہ کو ان کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے بلانے کی ہدایات جاری کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی  بااختیار کمیٹیاں اقلیتوں کو درپیش چیلنجز کے ساتھ نچلی سطح پر فوری اور موثر طریقے سے نمٹنے میں مدد یں گی ۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے آزاد جموں و کشمیر کے شہر میرپور اور مظفرآباد میں گرجا گھروں کے قیام کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں مندروں کی بحالی کےلئے مرمتی کام کیا جائے گا۔ انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں اور عمل پر مبنی اقدامات پر زور دیتے ہوئے اسے ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اہم قرار دیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More