اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیموں نے چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں اہم شاہراہوں پر سے ممنوعہ تشہیر ی مواد ہٹانے کی کارروائی مزید تیز کر دی ہے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر متعدد امیدواروں کو بھاری جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔جمعہ کو ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نجیب اللہ کاکڑ زیارت بلوچستان نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر پی ایم ایل (ن )کے صوبائی اسمبلی (پی بی ۔07)کے امیدوار نور محمد دمڑپر 40,000روپے جرمانہ عائد کر دیا۔اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر مردان نے صوبائی اسمبلی (پی کے ۔58)کے امیدوار ذوالفقار خان پر25,000روپے ،(پی کے۔54 )مردان کے امیدوار گوہر علی شاہ (اے این پی )پر10,000روپے اور (پی کے۔61)مردان کے امیدوار جمشید خان (پی ایم ایل (ن))پر 10,000روپے کا جرمانہ عائد کیا۔ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سوات نے متعلقہ امیدوار کو 20,000روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ مختلف شہروں میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز نے امیدواروں کو ضابطہ اخلا ق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کئے ۔ڈسٹر کٹ مانیٹرنگ افسران کی مختلف ضلعوں میں انتخابی امیدواروں کے ساتھ میٹنگز بھی منعقد ہوئیں جس میں انہیں واضح طور پر بتایا گیا کہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جا ئے گی ۔ الیکشن کمیشن کی واضح ہدایات کے مطابق ضابطہ اخلا ق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔