ایران کے ساتھ کشیدگی: قومی سلامتی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس آج طلب

اردو نیوز  |  Jan 19, 2024

پاکستان اور ایران کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی پر قومی سلامتی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس آج (جمعے کو) طلب کیے گئے ہیں۔

قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس نگراں وزیراعظم انوارالحق کی زیرصدارت منعقد ہو گا، اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوں گے۔

اس کے علاوہ دفاع، خارجہ، خزانہ اور اطلاعات کے نگراں وفاقی وزرا، انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان، دفتر خارجہ اور وزارت دفاع کے حکام بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اس خصوصی اجلاس میں ایران کے ساتھ کشیدگی اور پاکستان کی جانب سے ایران میں ’دہشت گردوں‘ پر حملے کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔

اجلاس میں پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدہ صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ کی حکمتِ عملی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے علاوہ آج وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے جس میں ایران کے ساتھ کشیدگی سمیت ملک کی موجودہ سلامتی کی صورت حال پر غور ہو گا۔

نگراں وزیراعظم نے غیرملکی دورہ مختصر کر دیادفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ ’نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اپنا غیرملکی دورہ مختصر کر دیا ہے۔‘

جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا کہ ’پاکستان کی جانب سے ایران میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے بعد ہونے والی پیش رفت کی روشنی میں یہ دورہ مختصر کیا گیا ہے۔‘

واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ کے قصبے ڈیووس گئے ہوئے تھے۔

نگراں وزیراعظم وطن واپسی کے بعد جمعے کو قومی سلامتی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کے اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More