ملک کو معیشت سمیت مختلف چیلنجز درپیش ہیں،امید ہے سیاسی جماعتیں مسائل کا ادراک کرتے ہوئے چیلنجز کے حل کو انتخابی منشور کا حصہ بنائیں گی،وفاقی سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد کا سیمینارسے خطاب

اے پی پی  |  Jan 18, 2024

اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے کہا ہے کہ ملک کو معیشت سمیت مختلف چیلنجز درپیش ہیں، امید کرتے ہیں کہ سیاسی جماعتیں ان مسائل کا ادراک کرتے ہوئے ان چیلنجز کے حل کو اپنے منشور کا حصہ بنائیں گی، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) نے چیلنجز پر قابو پانے اور ملکی صورتحال کو بہتر بنانے کی مثبت تجاویز تلاش کرنے کے لئے ایک بحث کا آغاز کیا ہے جو خوش آئند ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے”پاکستانی رائے دہندگان کا بدلتا منظر نامہ اور منصفانہ نمائندگی میں سیاسی جماعتوں کا کردار” کے عنوان سے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام سیمینارز کے تسلسل کے چوتھے سیمینار سے افتتاحی کلمات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے حوالے سے اسٹیک ہولڈرز کو سیمینارز کے ذریعے اپنی آراء پیش کرنے کا موقع فراہم کرنے پر پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی کوششیں قابل تعریف ہیں، ان سیمینارز کا بنیادی مقصد نہ صرف آگاہی فراہم کرنا ہے بلکہ لوگوں کو اعتماد کے ساتھ بات کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔

وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ان سیمیناروں کا بنیادی مقصد نہ صرف عوام کو آگاہی فراہم کرنا ہے بلکہ سیاسی جماعتوں اور میڈیا سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد کے ساتھ بات کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا بھی ہے۔ انہوں نے معاشی معاملات پر تبادلہ خیال میں میڈیا کی شمولیت کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ میڈیا ملکی سیاسی منظر نامے پر گہری نظر رکھتا ہے ،

ذرائع ابلاغ کو بھی چاہیئے کہ وہ ملک کو درپیش چیلنجوں سے نکالنے کے لئے اس فورم کے ذریعے اپنی قابل عمل تجاویز پیش کریں تاکہ سیاسی جماعتیں عوام کو ایسا لائحہ عمل دے سکیں جو ملک کو مسائل کے گرداب سے نجات دلا سکے ۔

انہوں نے چیلنجز پر قابو پاکر ملکی صورتحال کو بہتر بنانے کے طریقے تلاش کرنے کے لئے ایک مباحثے کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اورکہا کہ چیلنجز کے باوجود پی آئی ڈی نے ملکی مشکلات پر قابو پانے کے مقصد سے سیمینارز کا انعقاد کیا ہے جس پر پی آئی او اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔

واضح رہے کہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینارز میں مختلف سیاسی جماعتیں شرکت کر رہی ہیں اور ذرائع ابلاغ کے نمائند ے اورماہرین تعلیم بھی مباحثوں میں شرکت کرکے اپنی تجاویز پیش کر رہے ہیں ۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More