ٹیکنالوجی کی مدد سے تعلیم کو دور دراز علاقوں تک پہنچایا جا سکتا ہے ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اے پی پی  |  Jan 18, 2024

اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے تعلیم اور خواندگی کو دور دراز اور دشوار گزار علاقوں تک پہنچایا جا سکتا ہے ،تعلیمی شعبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے اخراجات کم ہوں گے ،انفارمیشن ٹیکنالوجی سے معیارِ تعلیم برقرار رکھنے کے ساتھ طلباء کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار کشمیر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 2 کروڑ 80 لاکھ بچے سکول نہیں جا تے ،سکول نہ جا سکنے والے بچوں کی تعلیم کیلئے ہزاروں نئے اسکول درکار ہوں گے ، بچوں کی تعلیم ، خواندگی بڑھانے کیلئے مساجد کو تعلیمی مراکز کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خواندگی کی شرح کو بڑھانے کے لیے آزاد جموں و کشمیر کے تعلیمی شعبے میں ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھانا ہوگا ۔ وفد نے صدر مملکت کو آزاد جموں و کشمیر اور دیہی پنجاب میں معیاری تعلیم و خواندگی کے فروغ میں فاؤنڈیشن کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین سید طفیل حسین بخاری اور فاؤنڈیشن کے چیئرمین مظفر محمد قریشی بھی شریک تھے ۔

وفد نے بتایا کہ فاؤنڈیشن پنجاب اور آزاد جموں و کشمیر میں تین سکول اور اساتذہ کا تربیتی کالج چلا رہی ہے،فاؤنڈیشن کا مقصد تعلیم کا فروغ ، نوجوان شہریوں کی کردار سازی ہے ۔صدر مملکت نے آزاد جموں و کشمیر اور دیہی پنجاب میں تعلیم کے فروغ میں فاؤنڈیشن کے کردار کو سراہا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More