پروازوں میں تاخیر، سیرین ایئر اور ایئر بلیو کو شوکاز نوٹس

اردو نیوز  |  Jan 18, 2024

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پروازوں میں تاخیر اور مسافروں کے حقوق کی خلاف ورزی پر سیرین ایئر اور ایئر بلیو کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

جمعرات کو ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق پروازوں میں طویل تاخیر اور متعدد منسوخیوں نے بڑی تعداد میں مسافروں کو متاثر کیا۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق سیرین ایئر اور ایئر بلیو کو بالترتیب 2 جنوری اور 15 جنوری کو نوٹس جاری ہوئے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئر بلیو اور سیرین ایئر اپنے اپنے فلائٹ آپریشنز بروقت اور باقاعدگی سے انجام دینے میں ناکام رہی ہیں۔’دونوں آپریٹرز نے تسلیم شدہ ریگولیٹری قوانین کو نظرانداز کیا جس سے مسافروں کے لیے خاصی مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔‘

ایئر بلیو اور سیرین ایئر کو مالی جرمانے اور لائسنس کی معطلی یا منسوخی جیسے اقدامات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

اس حوالے سے طے شدہ پروازوں کی تعداد کو کم کرنے جیسے اقدامات بھی عمل میں لائے جاسکتے ہیں۔

دونوں آپریٹرز کو سات دن میں اپنے اپنے جوابات جمع کرانے کا کہا گیا۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ’پی سی اے اے مسافروں کی آسانی، سکیورٹی اور سہولت کو برقرار رکھنے کا اعادہ کرتی ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More