راولپنڈی ۔17جنوری (اے پی پی):وزارت دفاع کے سیکرٹری لیفٹینٹ جنرل حمود الزمان نے راولپنڈی کینٹ حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں ، ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے ، تعمیر وترقی کے منصوبے عوام کو تکلیف دیئے بغیر جلد از جلد مکمل کیے جائیں ۔ وہ بدھ کو راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے ” انڈر گرائونڈ کیبلنگ پراجیکٹ”پر کام کے آغاز کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز مرزا ، ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمٹس (ایم ایل سی ) میجر جنرل عرفان احمد ملک ، سینئر جوائنٹ سیکرٹری وزارت دفاع فہیم ظفر ، کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ، سٹیشن کمانڈر راولپنڈی بریگیڈئر احمد نواز، ایم ایل سی راولپنڈی ریجن کے ڈائریکٹر عامر مسعود خان ، کینٹ ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی سید علی عرفان رضوی ، چکلالہ کینٹ کے ایگزیکٹو آفیسر وسیم وٹو ، ڈی جی ایم ایل سی پروٹوکول آفیسر نوید نواز ، راولپنڈی چمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر ثاقب رفیق ، وائس چیئرمین راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ ملک منیر احمد ، انجمن تاجران راولپنڈی کینٹ کے صدر زاہد بختاوری سمیت دیگر حکام افتتاحی تقریب میں موجود تھے ۔سی ای او راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ سید علی عرفان نے سیکرٹری دفاع کو منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ راولپنڈی کینٹ میں صدر اہم ترین بازار ہے جہاں سے ہم انڈر گرائونڈ کیبلنگ پراجیکٹ” فیز ون کا آغاز کر رہے ہیں ۔اس پراجیکٹ کے پہلے فیز پر 85 کروڑ لاگت آئے گی ۔اس منصوبے میں 75 کروڑ روپے برقی آلات کی مد میں آئیسکو کو دے دیئے ہیں جبکہ 9 کروڑ روپے لاگت سے سول ورک کنٹونمنٹ بورڈ خود کرے گا۔اس منصوبے پر 9 ماہ کی مدت میں کام مکمل ہوگا ۔سیکرٹری دفاع لیفٹینٹ جنرل حمود الزمان نے صدر بازار میں کیبلنگ کو زیر زمین کرنے کے منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ کینٹونمنٹ بورڈ کینٹ کے شہریوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ اس منصوبے کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ سیکرٹری دفاع نے اس شاندار منصوبے پر سی ای او راولپنڈی کینٹ سید علی عرفان رضو ی اور ان کی ٹیم کو شاباش بھی دی ۔ بعد ازاں سیکرٹری دفاع نے اس منصوبے کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کرنے والوں میں شیلڈز بھی تقسیم کیں ۔