عراق کی اربیل شہر پر پاسداران انقلاب کے حملے کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کے خلاف شکایت

اے پی پی  |  Jan 17, 2024

بغداد۔17جنوری (اے پی پی):عراق نے اربیل شہر پر پاسداران انقلاب کے حملے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کے خلاف شکایت جمع کرائی ہے۔

العربیہ اردو کے مطابق عراقی وزیراعظم کے مشیر نےکہا کہ اربیل پر ایرانی بمباری سے شہری متاثر ہوئے جبکہ حملے سے پہلے ہمیں مطلع بھی نہیں کیا گیا۔عراق کے کردستان ریجن کے وزیر اعظم مسرور بارزانی نے ایران پر نیم خودمختار علاقے کے دارالحکومت پر حملوں میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکت کا الزام لگایا۔ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا تھا کہ اس نے اس علاقے میں اسرا ئیل کے جاسوسی کے ہیڈکوارٹر پر حملہ کیا ہے۔

حملے کے بعد ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر اپنے بیان میں مسرور بارزانی نے زور دے کر کہا کہ ایرانی الزامات بے بنیاد ہیں، ملک سے امریکی افواج کے انخلا کے لیے موجودہ وقت مناسب نہیں۔اس تناظر میں عراق کے قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعرجی نے اس بات کی تردید کی کہ ہدف موساد کا ہیڈکوارٹر تھا۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ہم نے تحقیقاتی کمیٹی کے ارکان کے ساتھ اربیل میں گزشتہ رات نشانہ بنائے گئے تاجر کے گھر کا جائزہ لیا اور پتہ چلا کہ موساد کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنانے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

عراق کے صدر عبداللطیف جمال رشید نے کہا کہ یہ حملہ پورے خطے کے استحکام کے لیے خطرہ اورعراق کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نےکہا کہ مسائل مشترکہ تعمیری بات چیت کے ذریعے حل کیے جائیں گے، فوجی حملے مسائل کا حل نہیں ۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More