کاروباری ادارے آئی پی آرز کا تحفظ یقینی بنا کر بہتر ترقی حاصل کرسکتے ہیں، فرخ عامل

اے پی پی  |  Jan 16, 2024

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):انٹیلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن پاکستان (آئی پی او)کے چیئرمین فرخ عامل نے کہا ہے کہ کاروباری ادارے پیٹنٹ، کاپی رائٹس اور ٹریڈ مارک سمیت اپنے انٹیلیکچوئل پراپرٹی رائٹس کا بہتر تحفظ یقینی بنانے پر توجہ دیں جس سے دوسرا کوئی ان کی مصنوعات اور سروسز کی کاپی نہیں کر سکے گا اور ان کے کاروبار کو قومی و بین الاقوامی سطح پر بہتر فروغ ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں آئی پی آرز کے بارے میں ایک آگاہی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام چیمبر نے آئی پی او پاکستان کے اشتراک سے کاروباری برادری کے لئے کیا۔ فرخ عامل نے آئی پی آرز کا تحفظ اور نفاذ یقینی بنانے کیلئے آئی پی او پاکستان کی کاوشوں کے بارے میں بزنس کمیونٹی کو تفصیل سے آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ بزنس کمیونٹی اپنے آئی پی آرز کے تحفظ کیلئے ان کے ادارے کی خدمات سے فائدہ اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی پی کلچر ابھی تک بہتر فروغ نہیں پا سکا جس کی وجہ سے آئی پی آرز کے نفاذ میں کئی مشکلات کا سامنا ہے

تاہم انہوں نے اس عز م کا اظہار کیا کہ ان کا ادارہ کاروباری برادری سمیت عوام میں آئی پی رائٹس کے بارے میں بہتر آگاہی پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہے تا کہ پاکستان کو کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش ملک بنایا جا سکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ایس ایم ایز معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں اورضرورت اس بات کی ہے کہ آئی پی او پاکستان آئی پی رجسٹریشن کے طریقہ کار کو مزید آسان بنائے اور ایس ایم ایز کی آن لائن رجسٹریشن میں سہولت فراہم کرنے کے لئے موبائل ایپ متعارف کرائے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مسابقتی کاروباری ماحول میں انویشن اور سٹارٹ اپس کو فروغ دینے میں آئی پی او پاکستان کا کردار بہت اہم ہے اور آئی پی آرز کے بہتر نفاذ سے ملک بہتر معاشی ترقی حاصل کرے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چیمبر آئی پی او پاکستان کے ساتھ مل کر کاروباری برادری میں آئی پی آرز کی اہمیت کے بارے میں مزید آگاہی پیدا کرنے کے لئے کام کرنے کو تیار ہے۔

آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ پاکستان کو اختراعات، کاروبار اور سرمایہ کاری کی بہتر حوصلہ افزائی کے لیے ایک مضبوط اور پائیدار آئی پی سسٹم کی ضرورت ہے اور امید ظاہر کی کہ آئی پی او پاکستان بہتر اقدامات کے ذریعے پاکستان کو ایک مسابقتی معیشت بنانے میں کردار ادا کرے گا۔ تاجر برادری کے ارکان نے اس موقع پر آئی پی آرز کے بارے میں مختلف سوالات کئے جن کے تفصیلی جوابات دئیے گئے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More