اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے گلوبل ہیلتھ سمٹ میں کرغزستان کے وفد کی شرکت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو وبائوں سے محفوظ بنانے کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں، پاکستان اور کرغزستان کے مابین صحت کے شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے پر عزم ہیں، پاکستان میں ادویات کی بہتر فراہمی کےلئے فارما پاک بنارہے ہیں۔وزارت صحت کی طرف سے پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ کی سائیڈ لائن میں کرغزستان کے وزیر صحت سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے نگران وزیر صحت سے ملاقات کی۔انہوں نے گلوبل سمٹ میں کرغزستان کے وفد کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کو وبائوں سے محفوظ بنانے کےلئے موثر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں۔اس موقع پر کرغزستان کے وزیر صحت نے گلوبل ہیلتھ سیکیورٹی سمٹ کے پاکستان میں انعقاد کو بے مثال قرار دیتے ہوئے سراہا اور کہا کہ پاکستان نے دنیا کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا ہے۔ ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ پاکستان میں ادویات کی بہتر فراہمی کےلئے فارما پاک بنارہے ہیں، ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے ذریعے مالیکیول بنا رہے ہیں۔ نگران وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان میں فارما سیکٹر کی بنیاد اہم قدم ہے ۔کرغز وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان کا فارما سیکٹر میں اچھا تجربہ ہے، ہم اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ کرغز وزیر صحت نے ملاقات میں پاکستان اور کرغزستان کے مابین صحت کے شعبہ میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران دونوں وزرائے صحت نے طبی تعلیم کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ 12ہزار پاکستانی طلبا کرغزستان کی مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں، کرغز وزیر صحت ملاقات میں طبی تعلیم کیلئے ایم او یو تیار کرنے پربھی اتفاق کیا اور کہا کہ جائزہ کیلئے پی ایم ڈی سی سے شیئر کیا جائے گا۔