اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی بحیثیت ایک قومی ادارہ غریب اور مستحق افراد کو تعلیم مہیا کرنا اپنی قومی ذمہ داری سمجھتی ہے، اس لئے غریب اور مستحق طلبہ کو تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کے لیے ان کوفیس میں رعایت اور وظائف کی شکل میں سپورٹ فراہم کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی کے اس پیغام کی ترویج کے لیے ریجنل ہیڈز کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔وائس چانسلرنے کہاکہ یونیورسٹی آئوٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی نیٹ ورک میں لانے کی بھی کوشش کررہی ہے جس کے لیے قبائلی علاقہ جات(سابقہ فاٹا)، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے عوام کو میٹرک کی تعلیم مفت فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی قیدیوں، خواجہ سرائوں اور جسمانی معذور افراد کو مفید شہری بنانے کے لیے انہیں میٹرک تا پی ایچ ڈی مفت تعلیم فراہم کرتی ہے۔انہوں نے ریجنل ہیڈز کو ہدایت کی کہ وہ یونیورسٹی کی مفت تعلیم کی ان سماجی خدمات کو لوگوں تک پہنچائیں تاکہ سمسٹر بہار 2024 کے جاری داخلوں میں زیادہ سے زیادہ افراد ان سہولیات سےاستفادہ کر سکیں ۔واضح رہے کہ یونیورسٹی کے سمسٹر بہار 2024 کے پہلے مرحلے کے داخلے گزشتہ روز شرو ع ہوچکے ہیں، میٹرک، ایف اے، آئی کام، سرٹیفکیٹ کورسز کے داخلوں کی آخری تاریخ 20فروری جبکہ بی ایس(فیس ٹو فیس )پروگرامز، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامزمیں اپلائی کرنے کی آخری تاریخ 15فروری مقرر کی گئی ہے۔میٹرک اور ایف اے پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس اسلام آباد میں یونیورسٹی کے مین کیمپس، علاقائی دفاتر/رابطہ دفاتر اور ملک بھر میں قائم سیل پوائنٹس سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔سیل پوائنٹس کی معلومات یونیورسٹی کی ویب سائٹ یا ہیلپ لائن سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔بی ایس، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامزکے فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر آن لائن دستیاب ہیں۔