نیب کی طرف سے افسران کا میڈیا ٹرائل نہیں ہوگا،چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد

اے پی پی  |  Jan 15, 2024

کراچی۔ 15 جنوری (اے پی پی):چیئرمین قومی احتساب بیورو ( نیب) لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد نے کہا ہے کہ وہ افسران کو یقین دہانی کروانا چاہتے ہیں کہ نیب آپ کو تنگ نہیں کرے گی، آپ کھل کر ملک کی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہیں۔ پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کے نیب میں اصلاحات لا رہے ہیں اور انکوائری اور ویریفکیشن کے عمل کے دوران کسی بھی آفیسر کا میڈیا ٹرائل نہیں کیا جائے گااور نیب میں اب کوئی بھی فرضی یا گمنام ناموں سے لکھی گئی درخواستوں کو قبول نہیں کیا جائے گا، درخواست گزار آئیں اور ایفیڈیوٹ کے ساتھ درخواست جمع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ بیوروکریٹ کتنے پریشر میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب میں مقدمات ہونے کی وجہ سے تعمیری منصوبے تاخیر کا شکار ہو جاتے ہیں جو نہیں ہونا چاہئے ۔

انہوں نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ چیف سیکریٹری سندھ کے آفس میں سہولت کاری ڈیسک کے قیام کا بھی اعلان کرتے ہیں جس میں نیب کے افسران سندھ سیکریٹریٹ کے افسران کے خدشات اور شکایات کو مل بیٹھ کر فوری حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ چیئرمین نیب نے مزید کہا کہ کھلی کچہریاں منعقد کر کے عوام کے مسائل سن کر حل کر نے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد فخر عالم نے چیئرمین نیب کو افسران کا تعارف کروایا۔ چیف سیکریٹری سندھ نے بتایا کہ سندھ میں پینشن فنڈ میں کرپشن ہوئی جس میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے ۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی جاوید اکبر ریاض نے بتایا کہ پینشن فنڈ کے تفتیش کے دوران کچھ سیکریٹریز سے جواب طلب کیے گئے تھے اور ان سے متعلقہ معلومات لی گئی تھی جس کی بنیاد پر نیب نے متعلقہ افسران کے خلاف انکوائری کی ہے۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل نیب جاوید اکبر ریاض ، چیئرمین پلاننگ بورڈ شکیل احمد منگریجو، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد اقبال میمن، آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات منظور علی شیخ، سینیئر ممبر بورڈ اب ریونیو، چیئرمین اینٹی کرپشن ذوالفقار علی شاہ، سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن محمد علی کوسو ، سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، سمیت تمام سیکریٹریز نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More