چیرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا ضلع کیچ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کے 5 جوانوں کی شہادت پر اظہار تعزیت

اے پی پی  |  Jan 14, 2024

اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کے 5 جوانوں کی شہادت پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے اتوار کو جاری تعزیتی پیغام میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ انتہائی بہادری سے لڑ رہی ہیں۔پاک فوج کے جوان اپنی جانوں پر کھیل کر ملک وقوم کی حفاظت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی سازش ہیں۔دہشت گردوں کو پاکستان کا امن تباہ کرنے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں جو کہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔ چیئرمین سینیٹ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا۔ایسے بزدلانہ حملے ملک میں امن وامان کی صورتحال کو سبوتاژ نہیں کرسکتے ۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کے 5 جوانوں کی شہادت پر ان کےاہلخانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More