نگران وفاقی وزیر اطلاعات کاوزیر اعلیٰ پنجاب کو عوامی کارکردگی پر خراج تحسین،محسن نقوی کو پنجاب کا ثانی شیر شاہ سوری کہتا ہوں،مرتضیٰ سولنگی

اے پی پی  |  Jan 14, 2024

لاہور۔14جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے اتوار کے روز وزیر اعلیٰ آفس میں پنجاب بھر کے پریس کلبز کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کو خصوصی گرانٹ کے چیکس دینے کی تقریب کے دوران نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی عوامی کارکردگی پر ان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ محسن نقوی کو پنجاب کا ثانی شیر شاہ سوری کہتا ہوں، مجھے خوشی ہے کہ 9کروڑ 45لاکھ روپے کی خطیر رقم پریس کلبوں میں بلاامتیاز تقسیم کی گئی،محسن نقوی نے سڑکو ں او رہسپتالو ں کا ہی نہیں بلکہ صحافیوں کا بھی خیال رکھا۔

انہوں نے کہا کہ محسن نقوی دن دیکھتے ہیں نہ رات، دھند دیکھتے ہیں نہ سردی، دھوپ دیکھتے ہیں نہ چھائوں، بس کام کئے جارہے ہیں،صبح اٹھ کر ٹی وی دیکھتا ہوں تو بھی محسن نقوی نظر آتے ہیں اور کسی نہ کسی پراجیکٹ پر ہوتے ہیں۔

پنجاب بھر کے پریس کلبز کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو محسن صحافت قرار دیا اور کہا کہ تاریخ میں پہلی بار چھوٹے پریس کلبز کیلئے گرانٹ کا اجرا صحافی دوست اقدام ہے جس سے وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More