اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفس نے امیدواروں کو انتخابی نشان جاری کر دیئے۔
اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 47 سے تحریک انصاف کے شعیب شاہین بطور آزاد امیدوار انتخاب لڑیں گے اور ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے شعیب شاہین کو فاختہ کا انتخابی نشان جاری کر دیا گیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری کو شیر کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا جبکہ خواجہ سرا امیدوار نایاب علی کو سبز مرچ کا نشان دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے آج تاریخی فیصلہ سنایا، اکبر ایس بابر
قومی اسمبلی کی نشست این اے 47 سے 25 آزاد امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ 12 مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار بھی میدان میں اتریں گے۔
ڈی آر او کی جانب سے اسلام آباد کے 3 حلقوں کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی ہے اور اسلام آباد کے قومی اسمبلی کے تینوں حلقوں سے 119 امیدوار انتخاب لڑیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امیدواروں کو نشان الاٹ کرنے کا مقررہ وقت ختم ہو گیا
قومی اسمبلی کے حلقہ این 46 سے 44 امیدوار جبکہ حلقہ این اے 47 سے 37 امیدوار میدان میں اتریں گے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 48 سے 38 امیدوار انتخاب لڑیں گے۔ تحریک انصاف کے تمام رہنما آزاد حیثیت میں انتخاب لڑیں گے۔
دوسری جانب سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے امیدوار اب فیصلے کے بعد آزاد حیثیت میں انتخاب لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے سے مایوسی ہوئی تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ 10 کروڑ ووٹرز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ ٹیکنیکل بنیادوں پر کیا گیا ہے جبکہ ہم نے لاہور ہائیکورٹ کو بتایا تھا پشاور ہائیکورٹ میں اپیل پینڈنگ ہے اور پشاور ہائیکورٹ میں اپیل اس لیے کی تھی کہ پارٹی انتخابات پشاور میں ہوئے۔